مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کیمپ میں دھماکا، ایک اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  پير 25 مارچ 2019
ایک سپاہی بری طرح جھلس گیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ فوٹو : فائل

ایک سپاہی بری طرح جھلس گیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے کیمپ میں زوردار دھماکے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج کے جنگلوٹ آرمی کیمپ میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت 35 سالہ لانس نائیک دیپنک توانگ کے نام سے ہوئی ہے جب کہ بری طرح جھلس جانے والے زخمی اہلکار کو آرمی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمی اہلکار کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

قابض بھارتی فوج کی جانب سے حادثے پر تبصرے سے گریز کیا جا رہا ہے تاہم کشمیر پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع کٹھوا میں واقع جنگلوٹ آرمی کیمپ میں ہونے والا دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا۔

دوسری جانب ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کے قافلے پر خود کش کار بمبار حملے میں 44 اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد کشمیریوں کے لیے زمین مزید تنگ کردی گئی ہے، وادی بھر میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور حریت رہنماؤں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت اسیر یا نظر بند کردیا گیا ہے، خوف زدہ بھارتی فوج بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔