وزیراعظم عمران خان کے سیکریٹری اعظم خان کی گریڈ 22 میں ترقی

ویب ڈیسک  منگل 26 مارچ 2019
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پانچ افسران کی ترقیوں اور تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں، فوٹو: فائل

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پانچ افسران کی ترقیوں اور تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے سیکرٹری اعظم خان کوگریڈ 22 میں ترقی دے دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر ترقیاں اور تقرریاں کی گئی ہیں، گریڈ 22 میں ترقی پانے والوں میں وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان بھی شامل ہیں جو ترقی کے بعد بھی سیکرٹری وزیراعظم کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ کی گریڈ 22 میں ترقی ہوئی ہے اور وہ بدستور آئی جی موٹروے خدمات سرانجام دیں گے، ظفر حسن کو گریڈ 22میں ترقی کے بعد وفاقی سیکرٹری پلاننگ تعینات کیا گیا ہے جب کہ حسن ناصر جامی گریڈ22میں ترقی کے بعد وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی مقرر کیے گئے ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری انچارج پیٹرولیم میاں اسد حیاالدین کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر سیکرٹری پیٹرولیم تعینات کیا گیا ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ نسیم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ اعجاز احمد جعفر، عمر رسول حبیب الرحمان گیلانی، ناہید درانی کو بھی گریڈ 22میں ترقی دی گئی  ہے،محمد اسلم کمبوہ کوگریڈ 22 میں ترقی کے بعد وفاقی سیکرٹری سرحدی امور تعینات کیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پانچ افسران کی ترقیوں اور تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں جب کہ  وزیر اعظم کی منظوری سے 7 افسران کی نئی تقرریوں کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔