وزیراعظم 5 اپریل کو خیبر سے قبائلی علاقوں کا دورہ شروع کریں گے

احتشام بشیر  جمعـء 29 مارچ 2019
وزیراعلی محمود خان نے پانچ لاکھ سے زائد صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی منظوری دے دی فوٹو:فائل

وزیراعلی محمود خان نے پانچ لاکھ سے زائد صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی منظوری دے دی فوٹو:فائل

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے ضم قبائلی علاقوں کو مکمل طور پر قومی دھار میں لانے کے لیے منصوبہ بندی کرلی ہے اور وزیراعظم پانچ اپریل کو ضلع خیبر سے قبائلی علاقوں کے دوروں کا سلسلہ شروع کریں گے۔

وزیراعلی محمود خان نے پانچ لاکھ سے زائد صحت انصاف کارڈ فوری طور پر تقسیم کرنے کی منظوری دے دی ہے اور وہ ضلع مہمند سے صحت انصاف کارڈ  کی تقسیم شروع کریں گے، جبکہ کابینہ کا اجلاس بھی ضلع مہمند  میں کیے جانے کا امکان ہے۔ وزیر اعلی ہاؤس کے  زرائع نے بتایا کہ  خیبر پختونخوا حکومت نے تمام سرکاری اداروں کو ضم قبائلی علاقوں میں کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

ضلع باجوڑ  میں پی ٹی وی کے بوسٹرز بھی ٹھیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور طویل عرصے بعد پی ٹی وی کی نشریات شروع ہوسکیں گی۔ قبائلی علاقوں میں عدالتی نظام رائج ہوگیا ہے اور پولیس تعیناتی کی بھی منظوری دی جاچکی ہے جبکہ جلد ڈی پی اوز کی تعیناتی کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان بھی قبائلی علاقوں کا دورہ کریں 5 اپریل کو وزیراعظم ضلع خیبر کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ ضلع کرم اور دیگر قبائلی اضلاع کا دورہ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔