اینٹی منی لانڈرنگ کے تحت 3 مقدمات درج کرلیے گئے

احتشام مفتی  بدھ 3 اپريل 2019
مقدمات پرویز علی، زور طلب خان اور محمدابراہیم کیخلاف منگل کو درج کیے گئے ہیں۔ فوٹو : فائل

مقدمات پرویز علی، زور طلب خان اور محمدابراہیم کیخلاف منگل کو درج کیے گئے ہیں۔ فوٹو : فائل

کراچی: ڈائریکٹوریٹ انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کراچی نے اینٹی منی لانڈرنگ کے تحت منگل کو3مقدمات درج کرلیے.

ایف بی آر ڈائریکٹوریٹ ان لینڈ ریونیو انٹیلی جنس کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اظہرحسین شاہ نے انسداد منی لانڈرنگ کی کارروائی کرتے ہوئے ایک دن میں تین مقدمات درج کیے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق پہلا مقدمہ ڈی ایچ اے کے رہائشی پرویز علی کے نام سے درج کیاگیا ہے جن کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ انھوں نے اپنے تین بچوں کے نام سے 40 لاکھ ڈالر کی امریکا منی لانڈرنگ کی ہے۔

دوسرا مقدمہ زورطلب خان کے خلاف درج کیاگیا ہے اور اس کیس میں تین مزید افراد جن میں عمارہ خان ، محمد حسن ، محمد حمزا شامل ہیں کوبھی نامزد کیا گیا ہے کیونکہ مزکورہ تینوں افراد بینک اکاونٹس سے8 ارب روپے مالیت کی منی لانڈرنگ کی گئی اور ڈائریکٹوریٹ نے ایک جعلی کمپنی سالار انٹرپرائز کا بھی پتہ لگالیاہے۔

ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے تیسرا مقدمہ محمدابراہیم کے خلاف درج کیا گیاجو کہ عالم مارکیٹ میں کاروبار کرتا رہاہے اور اس تیسرے کیس میں ابتدائی طور پر 3 کروڑ روپے منی لانڈرنگ کا انکشاف ہوا ہے، ابتدائی تحقیات کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ مذکورہ تینوں کیسز کا مقدمہ نمبر 2019/1،2019/2 اور 2019/3 ہے ملزمان کی گرفتاری کے لئے عدالت سے رجوع کرلیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔