یورو زون 18ماہ بعد بالآخر معاشی انحطاط سے نکل آیا

اے ایف پی  جمعرات 15 اگست 2013
معاشی بحالی کو کامیاب کرنا ہے تو سخت کفایتی پالیسیوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا ۔ فوٹو : اے ایف پی

معاشی بحالی کو کامیاب کرنا ہے تو سخت کفایتی پالیسیوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا ۔ فوٹو : اے ایف پی

برسلز:  یورو زون18ماہ کی کسادبازاری کے بعد بالآخر معاشی انحطاط سے نکل آیا، سنگل کرنسی ایریا میں کسادبازاری کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑے ہیں، معاشی نمو کے بعد بھی یورپی یونین نے متنبہ کیا ہے کہ اگرمعاشی بحالی کو کامیاب کرنا ہے تو سخت کفایتی پالیسیوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔

یورپی یونین کے اقتصادی امور کمشنر اولی ریہن کا کہنا ہے کہ ملازمتوں کی فراہمی کے لیے پائیدار نمو کی منزل پر پہنچنے کے حوالے سے ہمیں ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ گزشتہ روز جاری اعدادوشمار کے مطابق جون کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 17 رکنی یورو زون نے 0.3 فیصد کی شرح سے ترقی کی جو مبصرین کی 0.2 فیصد کی توقع سے بھی زیادہ ہے جبکہ جنوری سے مارچ کی سہ ماہی میں یورو زون معیشت 0.3 فیصد سکڑ گئی تھی۔ یورو اسٹیٹ ایجنسی کے مطابق سالانہ بنیادوں پر اپریل تا جون کی سہ ماہی میں یورو زون کی معیشت 0.7 فیصد سکڑی جو توقع سے زیادہ ہے۔

کیونکہ ماہرین نے 0.5 فیصد منفی گروتھ کا خدشہ ظاہر کیاتھا۔ اعدادوشمار کے مطابق یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی میں گزشتہ سہ ماہی میں 0.7 فیصد کی رفتار سے ترقی کی جبکہ فرانس میں معاشی نمو کی شرح 0.5 فیصد رہی تاہم نیدرلینڈ میں 0.2 فیصد منفی گروتھ رہی، اسپین اور اٹلی کی معیشت میں بھی بہتری نہ آسکی جبکہ پرتگال نے 1.1فیصد سہ ماہی گروتھ کے بعد 10ماہ کی کسادبازاری کو مات دیدی۔ اعدادوشمار کے مطابق 27 ملکی یورپی یونین میں دوسری سہ ماہی میں گروتھ ریٹ 0.3فیصد رہا جبکہ پہلی سہ ماہی میں معیشت 0.1فیصد سکڑ گئی تھی، نان یورو ممبران میں سے برطانیہ میں 0.6فیصد معاشی نمو ریکارڈ کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔