ایک واٹس ایپ پیغام نے لوکوہیٹگے کو مشکوک بنا دیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 10 اپريل 2019
موبائل میں موجود میسج کو آئی سی سی کے تفتیش کاروں نے غلط سمجھا، فاسٹ بولر۔ فوٹو: فائل

موبائل میں موجود میسج کو آئی سی سی کے تفتیش کاروں نے غلط سمجھا، فاسٹ بولر۔ فوٹو: فائل

 ممبئی:  ایک واٹس ایپ پیغام نے سری لنکا کے سابق کرکٹر دلہارا لوکوہیٹگے کو مشکوک بنا دیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے چند روز قبل سابق سری لنکنکرکٹر دلہار لوکوہیٹگے پر اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے تین چارجز عائد کیے گئے، جس کا جواب دینے کیلیے انھیں 14 دن کا وقت دیا گیا، اس سے پہلے متحدہ عرب امارات نے لوکوہیٹگے کو الجزیرہ چینل کی دستاویزی فلم میں کرپشن کے حوالے سے بات کرنے پر معطل کررکھا ہے۔ اس حوالے سے ایک انٹرویو میں لوکو ہیٹگے نے دعویٰ کیا کہ انھیں واٹس ایپ پیغام کی وجہ سے مشکوک سمجھا جارہا ہے۔

ایک سری لنکن آل رائونڈر کو سنہالی زبان میں بھیجے گئے میسج میں لوکوہیٹگے نے کہا تھا کہ ’’ چیزیں ویسی نہیں ہوئیں جیسا ہونا چاہیے تھیں، اس لیے میں واپس آسٹریلیا جا رہا ہوں‘‘۔

38 سالہ سابق رائٹ آرم فاسٹ بولر نے کہاکہ آئی سی سی کے تفتیش کار اس پیغام کو غلط سمجھے، گذشتہ برس تفتیش کار آسٹریلیا آئے اور میرے یو اے ای میں کھیلے گئے ٹی 10 لیگ کے پہلے ایڈیشن میں کردار سے متعلق پوچھ گچھ کی، انھوں نے میرا فون لیا جس میں یہ پیغام موجود تھا، اس کا مطلب تھا کہ بحرین میں شیڈول ایک ٹی 10 لیگ منعقد نہیں ہوئی تھی اور میں واپس آسٹریلیا جارہا ہوں، مگر آئی سی سی کے تفتیش کاروں کا اصرار تھاکہ میں نے ایک سری لنکن پلیئر سے ٹیم میں شامل کرانے کا وعدہ کیا تھا، نہ تو میں کوئی سلیکٹر ہوں اور نہ ہی بورڈ ممبر، تو پھر میں کسی کو ٹیم میں شامل کرانے کا وعدہ کیسے کرسکتا ہوں، اگر میرا اتنا اثررسوخ ہوتا تو خود کو ٹیم میں شامل نہ کرالیتا۔ انھوں نے بتایا کہ آئی سی سی چارجز کے خلاف ان کا دفاع آسٹریلوی وکیل ڈیوڈ ایورے کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔