اسرائیل میں نیتن یاہو کے پانچویں بار وزیراعظم بننے کے امکانات روشن

ویب ڈیسک  بدھ 10 اپريل 2019
نیتن یاہو کی جماعت 120 میں سے 65 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ فوٹو : فائل

نیتن یاہو کی جماعت 120 میں سے 65 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ فوٹو : فائل

تل ابيب: اسرائیل میں ہونے والے عام انتخابات میں لیکوڈ پارٹی کی سبقت سے نیتن یاہو کے پانچویں بار وزیراعظم بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل میں ہونے والے الیکشن میں بینجمن نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ پارٹی اور فوج کے سابق سربراہ بینی گینتز کے ’بلیو اینڈ وائٹ‘ اتحاد کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد تقریباً برابر ہے تاہم نیتن یاہو کی جماعت نے مخالف جماعت کی 55 نشستوں کے مقابلے میں  65 سیٹیں لے کر میدان مار لیا ہے۔

اسرائیلی پارلیمان ’کنیسٹ‘ کی 120 نشستیں ہیں جن میں سے 65 نشستوں پر نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ پارٹی کی فتح پر قوی امید ہے کہ نیتن یاہو کو ہی حکومت سازی کی دعوت دی جائے گی۔ اگر ایسا ہوجاتا ہے تو کرپشن الزامات میں گھرے نیتن یاہو کے لیے یہ بڑی کامیابی ہوگی۔ نیتن یاہو اسرائیل کی تاریخ کے سب سے زیادہ عرصے تک وزیراعظم رہنے والے سیاست دان بن گئے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں :غزہ کی یہودی آبادیوں کو اسرائیل میں شامل کرنے کی دھمکی

واضح رہے کہ نیتن یاہو 2009 سے مسلسل وزیراعظم کے عہدے پر براجمان ہیں جب کہ 1996 سے 1999 تک بھی وزیراعظم کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ وہ امریکا نواز رہنما سمجھے جاتے ہیں اور ان کے دور میں فلسطینیوں پر مظالم کی نئی تاریخ رقم ہوئی جب کہ نیتن یاہو نے انتخابات میں کامیابی کی صورت میں غزہ میں یہودی علاقے کو اسرائیلی سرزمین تسلیم کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔