محمد حفیظ سرجری کے بعد صحتیابی کی جانب گامزن

ایکسپریس نیوز  جمعـء 12 اپريل 2019
ٹریننگ سے گریز،آل راؤنڈراگلے چند روز میں بحالی پروگرام پر عمل شروع کردیں گے۔ فوٹو: فائل

ٹریننگ سے گریز،آل راؤنڈراگلے چند روز میں بحالی پروگرام پر عمل شروع کردیں گے۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ انگوٹھے کی سرجری کے بعد صحتیابی کی جانب گامزن ہیں اور اگلے چند روز میں بحالی پروگرام پر عمل شروع کردیں گے۔

محمد حفیظ پاکستان سپرلیگ کے دوران انگوٹھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے، 2 ہفتے قبل ان کی دوسری فالو اپ سرجری ہوئی، اس کے بعد وہ اہل خانہ کے ساتھ شمالی علاقہ جات کی سیر پر چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر انجری کے حوالے سے پی سی بی میڈیکل پینل سے مکمل رابطے میں ہیں، وہ فٹنس جلد پانے کیلیے ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کررہے ہیں،زخم کے ٹانکوں کو جھٹکوں سے محفوظ رکھنے کیلیے انھوں نے ابھی تک رننگ اور جم ٹریننگ بھی شروع نہیں کی، 15 اور 16 اپریل کو فٹنس ٹیسٹ کیلیے بلائے جانے والے 23 کرکٹرز میں محمد حفیظ کا نام بھی شامل اور وہ اس میں شمولیت کیلیے تیار ہیں۔

دوسری جانب سلیکشن کمیٹی کو یقین ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشز میں محمد حفیظ جیسے تجربہ کار پلیئر کی موجودگی سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوسکتا ہے، ٹیم کی روانگی کے وقت تک محمد حفیظ مکمل فٹ ہوچکے ہوں گے، ان کا فٹنس ٹیسٹ انگلینڈ جاکر بھی کسی وقت لیا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔