جاپان میں بس کی جسامت کا ٹی وی فروخت کے لیے پیش

ویب ڈیسک  اتوار 14 اپريل 2019
سونی کمپنی نے 63 فٹ چوڑا اور 17 فٹ اونچا 16 کے ٹی وی سیٹ نمائش کے لیے پیش کردیا ہے۔ فوٹو: بی بی سی

سونی کمپنی نے 63 فٹ چوڑا اور 17 فٹ اونچا 16 کے ٹی وی سیٹ نمائش کے لیے پیش کردیا ہے۔ فوٹو: بی بی سی

ٹوکیو: سونی کمپنی نے دنیا کا سب سے تفصیلی تصاویر دکھانے والا ٹی وی تیار کیا ہے جس کی جسامت ایک بس کے برابر ہے اور اسے 16کے ٹی وی کا نام دیا گیا ہے کیونکہ 1080 ایچ ڈی ویڈیو سے بھی اس کا معیار آٹھ گنا زیادہ ہے ۔ اسے قریب سے دیکھا جائے یا دور سے اس کے پکسل دھندلاتے نہیں اور نہ ہی تصویر کی باریکی پر کوئی فرق پڑتا ہے۔

ٹی وی اسکرین کی چوڑائی 63 فٹ اور اونچائی 17 فٹ ہے اور اسے ٹوکیو کے جنوب میں واقع یوکوہاما شہر میں ایک میک اپ بنانے والی کمپنی میں نصب کیا گیا ہے اور یہ دو منزلوں کی جگہ گھیرے ہوئے ہے۔ اس کا اعلان لاس ویگاس میں نیشنل ایسوسی ایشن آف براڈکاسٹر کے ایک شو میں کیا گیا ہے۔

سونی کمپنی سے وابستہ ایک افسر نے کہا کہ دنیا 8K ٹی وی کی جانب بہت سست رفتاری سے سفر کررہی ہےاور 16K ٹی وی کو عام لوگوں تک پہنچنے میں لگ بھگ دس برس لگ جائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ اتنا بڑا 16K ٹی وی بنانا ایک اہم کارنامہ ہے جس کے نتائج دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے۔

دیکھنے پر ہر ویڈیو اور تصویر میں ایک خاص گہرائی کا احساس ہوتا ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ اس میں چھوٹے چھوٹے اسکرین کی بجائے ہموار انداز میں پورے اسکرین کو تیار کیا گیا ہے۔ سونی نے اس ٹیکنالوجی کو ’کرسٹل ایل ای ڈی‘ کا نام دیا ہے جس میں بہت ہی باریک ایل ای ڈی کو استعمال کیا جاتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی میں اسکرین کے لیے بیک لائٹ کی ضرورت نہیں رہتی لیکن یہ او ایل ای ڈی سے بھی روشن ہوتی ہے تاہم اس کا نسخہ بہت مہنگا ہے اور یہ ٹیکنالوجی ابھی قیمتوں کی بلندیوں پر موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔