’’مسٹر کول ‘‘ دھونی نو بال کے فیصلے پر آپے سے باہر

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 13 اپريل 2019
گراؤنڈمیں جاکرامپائر سے بحث،فیس کا20 فیصد جرمانہ، سنچری فتح کا مزہ کرکرا۔ فوٹو: فائل

گراؤنڈمیں جاکرامپائر سے بحث،فیس کا20 فیصد جرمانہ، سنچری فتح کا مزہ کرکرا۔ فوٹو: فائل

جے پور:  بھارتی کرکٹ میں ٹھنڈے مزاج کی وجہ سے شہرت رکھنے والے مہندرا سنگھ دھونی آئی پی ایل میچ میں متنازع امپائرنگ فیصلے پر آپے سے باہر ہوگئے جس پر انھیں میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا۔

مہندرا سنگھ دھونی اس بار بھی چنئی سپرکنگز کی قیادت سنبھالے ہوئے ہیں، اننگز کے اختتامی اوور میں ٹیم کو فتح کیلیے 18 رنز درکار تھے، راجستھان کے بولر بین اسٹوکس کی پہلی گیند پر رویندرا جڈیجا نے چھکا لگاکر چنئی کو فتح کے قریب کیا، دوسری گیند نو قرار پائی، جس پر رویندرا نے سنگل بناکر اسٹرائیک دھونی کو سونپ دی، آفیشل دوسری گیند پر دھونی نے 2 رنز جوڑکر ہدف کو مزید قریب کیا، تیسری بال پر اسٹوکس نے دھونی کو یارکر پر بولڈ کرکے میدان بدر کردیا، چنئی کو آخری3 بالز پر فتح کیلیے مزید 8 رنز درکار تھے۔

چوتھی گیند اسٹوکس نے نئے بیٹسمین مچل سینٹنر کو کرائی، جس پر انھوں نے 2رنز بنائے،یہ گیند کندھے سے اوپر تھی،ابتدائی طور پر امپائر الہاس گاندھی نے اسے ’ نوبال‘ قرار دیا لیکن لیگ امپائر بروس اوکسنفورڈ نے فیصلہ مسترد کردیا۔

اس صورتحال پر دھونی برہم ہو گئے اور غیرمعمولی طور پر گراؤنڈ میں واپس آکر امپائر سے بحث کرنے لگے، اس دوران انگلش بولر بین اسٹوکس بھی درمیان میں آئے، دھونی اس گیند کو نوبال قرار دلانے کیلیے اصرار کرتے رہے لیکن لیگ امپائر نے ان کی بات نہیں سنی، پانچویں گیند پر سینٹنر نے پھر 2رنز جوڑے،اگلی بال وائیڈ ہوئی ، آخری گیند پر چنئی کو فتح کیلیے مزید3 رنز درکار تھے اور سینٹنر نے چھکا جڑکر اسے4 وکٹ سے کامیابی دلادی۔

اس معاملے پرکوچ اسٹیفن فلیمنگ نے دھونی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور کپتان اس صورتحال پر وضاحت کیلیے امپائرز کے پاس گئے تھے، غلط اور درست سے متعلق بات کرنے کا سب کو حق ہے۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے ٹویٹر پر دھونی کے طرزعمل پر شدید تنقید کی،اس کامیابی کے ساتھ ہی دھونی نے آئی پی ایل میں میچز فتوحات کی سنچری بھی مکمل کرلی تاہم امپائر سے بحث پر جرمانہ عائد ہونے سے اس کا مزہ کرکرا ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔