نومسلم بہنوں کے دولہے پہلے سے شادی شدہ نکلے

ثاقب بشیر  اتوار 14 اپريل 2019
برکت علی کے پہلی بیوی سے3 بچے ہیں ،صفدر علی کے بھی پہلی بیوی سے4 بچے ہیں۔فوٹو:فائل

برکت علی کے پہلی بیوی سے3 بچے ہیں ،صفدر علی کے بھی پہلی بیوی سے4 بچے ہیں۔فوٹو:فائل

 اسلام آباد: گھوٹکی کی 2 نومسلم بہنوں کے دولہے پہلے سے شادی شدہ اوربچوں کے باپ نکلے۔

گھوٹکی کی2 نومسلم بہنوں کی پسند کی شادی کے معاملے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی سندھ حکومت کی رپورٹ منظر عام پر آ گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نومسلم لڑکیوں سے شادی کرنے والوں نے نکاح نامے میں پہلی شادی چھپائی،برکت علی کے پہلی بیوی سے3 بچے ہیں ،صفدر علی کے بھی پہلی بیوی سے4 بچے ہیں۔ برکت علی اور صفدر علی کی پہلی بیویوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے۔

دونوں بیویوں نے مرضی کے بغیر اپنے شوہروں کی دوسری شادی پر تشویش کا اظہار کیا۔برکت علی اور صفدر علی نے  نکاح نامہ میں پہلی شادی کا ذکر ہی نہیں کیا ،نکاح نامہ میں پہلی شادی چھپانا مسلم فیملی لا آرڈی نینس کی سیکشن 6 کی خلاف ورزی ہے ،موبائل فون کالز کے ریکارڈ کے مطابق آسیہ اور نادیہ طویل عرصے سے لڑکوں سے رابطے میں تھیں۔ سندھ حکومت کی 6صفحات پر مشتمل رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا ئی گئی۔

انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں لڑکیوں کے والدین کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آگیا ہے، رپورٹ کے مطابق نادیہ اور آسیہ کے والد نے لڑکیوں کے گھر چھوڑنے کے دو دن بعد فارم ب کی درخواست دی جس میں لڑکیوں کے والد نے 22مارچ 2019 کو فارم ب کی درخواست دی،لڑکیوں کے والد نے بیٹیوں کی تاریخ پیدائش 2006درج کرانے کی درخواست دی۔

رپورٹ کے مطابق سکول رجسٹر کے مطابق دونوں لڑکیوں کی تاریخ پیدائش 2002 اور 2003 کی ہے ، 2008 میں دونوں لڑکیاں کلاس ون میں تھیں،ہری لال کے 10 بچے ہیں لیکن نادرا کے پاس صرف 3 رجسٹرڈ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔