آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی کراچی پہنچ گئی، لوگوں کی سیلفیاں

زبیر نذیر خان  اتوار 14 اپريل 2019
ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی دوبارہ پاکستان آئی ہے۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی دوبارہ پاکستان آئی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان کے دورے پر پہنچی آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کی ٹرافی کراچی پہنچ گئی۔

پاکستان کے دورے پر نکلی آئی سی سی ٹرافی اسلام آباد اور لاہور کے بعد شائقین کرکٹ کا لہو گرمانے کراچی میں جلوہ گر ہوگئی۔ آفیشل اسپانسر کی جانب سے کراچی کے مقامی شاپنگ مال میں ٹرافی کی نمائش کی گئی جسے دیکھنے کے لیے شائقین کے ساتھ خواتین بچوں اور نوجوانوں کا ہجوم امڈ آیا۔

شائقین کرکٹ نے چمکتی دمکتی ٹرافی کے ساتھ تصویریں بنائیں اور سیلفیاں لیں۔ کرکٹ کے دیوانے ورلڈ کپ ٹرافی دیکھ کر پرجوش ہوگئے اور کہا کہ اصل خوشی تب ہوگی جب سرفراز الیون یہ ٹرافی جیت کر پاکستان لائے گی۔

مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب بھی ٹرافی دیکھنے وہاں پہنچے اور کہا کہ ورلڈکپ ٹرافی کا کراچی آنا خوش آئند ہے گرین شرٹس اگر ورلڈکپ جیت کر لائی تو اس کا شایان شان استقبال کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرورلڈ کپ جیتنے والا کپتان ملک کا وزیر اعظم بنتا ہے تو میری دعا ہے کہ سرفراز احمد بھی ورلڈ کپ جیت کر وزیراعظم بن جائیں۔

دریں اثنا آئی سی سی ٹرافی کی پورٹ گرینڈ میں ہونے والے میوزیکل کنسرٹ میں بھی نمائش کی جائےگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔