لاہور میں جاری رنگارنگ تین روزہ فیشن ویک اختتام پزیر

قیصر افتخار  اتوار 14 اپريل 2019
فیشن انڈسٹری تیزی کے ساتھ ترقی کا سفر طے کر رہی ہے۔ فنکار فوٹوفائل

فیشن انڈسٹری تیزی کے ساتھ ترقی کا سفر طے کر رہی ہے۔ فنکار فوٹوفائل

لاہور: تین روزہ فیشن ویک کا اختتام ہوگیا حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) اور نومی انصاری سمیت دیگر ڈیزائنرز نے بدلتے موسم کی مناسبت سے دیدہ زیب ملبوسات کی نمائش کی۔

رنگ برنگے ملبوسات، خوبرو ماڈلز کی بل کھاتی چال اور حسین چہروں سے سجا فیشن شو اپنی تمام تررنگینیاں بکھیرتا ہوا اختتام کو پہنچ گیا۔ تین روز تک جاری رہنے والے فیشن شو کے اختتامی روز 8  ڈیزائنرز نے اپنی ڈیزائن کردہ خوبصورت کلیکشن حاظرین کے سامنے پیش کیں۔

حسن شہریار کا کہنا تھا کہ فیشن انڈسٹری میں 25 برس مکمل ہونے پر خوش ہوں۔ فیشن ویک کے تینوں روز دلکش پہناووں اور ریمپ پر ماڈلز کی شوخ ادائیں قوس قضا کا منظر پیش کرتی رہیں،جبکہ اختتامی روز اداکارہ ہانیہ عامر، شہریار منور اورماورا حسین کی شو میں انٹری نے شو کو مزید حسین بنادیا۔

مشرقی اور مغربی فیشن کے حسین امتزاج سے سجے تین روزہ فیشن ویک میں فلم اور فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

ڈیزائنرز کی تخلیقات اور خوبرو ماڈلز کی دلفریب اداؤں سے سجے فیشن ویک سے یقیناً لوگوں کو فیشن کے نئے ٹرینڈز کو سمجھنے اور ڈیزائنرز کی صلاحیتوں کو جانچنے میں مدد ملی۔

ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈریس ڈیزائنر ایچ ایس وائی، رکن پنجاب اسمبلی حنا بٹ اور فلمسٹار میرا کا کہنا تھا کہ فیشن انڈسٹری تیزی کے ساتھ ترقی کا سفر طے کر رہی ہے۔ ماضی کی طرح اس بار بھی  ڈیزائنرز کی کلیکشن دیدہ زیب تھیں۔ اس لئے ہمیں اس کا حصہ بن کر اچھا لگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔