دورۂ انگلینڈ اور ورلڈ کپ؛ کرکٹرز کی فٹنس جانچنے کا آج باقاعدہ آغاز

اسپورٹس رپورٹر  پير 15 اپريل 2019
میگا ایونٹ کیلیے چیئرمین سلیکشن کمیٹی انضمام اسکواڈ کا اعلان جمعرات کو کریں گے، تربیتی کیمپ 20 اپریل سے شیڈول،23 تاریخ کو برطانیہ روانگی ہوگی
 فوٹو : فائل

میگا ایونٹ کیلیے چیئرمین سلیکشن کمیٹی انضمام اسکواڈ کا اعلان جمعرات کو کریں گے، تربیتی کیمپ 20 اپریل سے شیڈول،23 تاریخ کو برطانیہ روانگی ہوگی فوٹو : فائل

 لاہور:  آئندہ ماہ انگلینڈ میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کے2 روزہ فٹنس ٹیسٹ کا باقاعدہ آغاز آج لاہور میں ہوگا، چیئرمین سلیکشن کمیٹی انضمام الحق 15رکنی ٹیم کا اعلان 18 اپریل کوکریں گے جبکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے2 ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا جائے گا، عالمی کپ کی تیاریوں کے لیے ٹریننگ کیمپ کا آغاز 20 اپریل سے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ اور دورئہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا باقاعدہ آغاز آج لاہور سے ہوگا، پہلے مرحلے میں پلیئرزکا فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لیا جائے گا، بعد ازاں تمام کھلاڑی قذافی اسٹیڈیم میں خصوصی ٹریننگ میں حصہ لیں گے، سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ ممکنہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد(کپتان) ، عابد علی، آصف علی ، بابراعظم ، فہیم اشرف، فخر زمان ، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم ، امام الحق، جنید خان، محمد عباس ، محمد عامر ، محمد حفیظ ، محمدحسنین ، محمد نواز ، محمد رضوان ، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی ، شان مسعود ، شعیب ملک ، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ابھی تک صرف محمد نواز کا آفیشل ٹیسٹ لیا گیا ہے، بائیں ہاتھ کے اسپنر محمد نواز کا فٹنس ٹیسٹ اسٹیٹ بینک کی درخواست پر لیا گیاتھا۔ دیگر کھلاڑیوں کے آفیشل ٹیسٹ پیر سے شروع ہوں گے،کپتان سرفراز احمد سمیت کھلاڑی انفرادی طورپرنیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ کے لیے15 اور 16 اپریل کا باقاعدہ اعلان کیا تھا تاہم کھلاڑیوں کی زیادہ تعداد کے پیش نظر جوکھلاڑی پہلے فٹنس ٹیسٹ دینے کے خواہش مند تھے ، ان کے ٹیسٹ پہلے بھی لیے گئے، ان پلیئرز میں بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی، حارث سہیل، فہیم اشرف، محمد عباس، شاداب خان ، محمد حسنین اور عابد علی  قابل ذکر ہیں۔چیف کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن، فزیو کلف ڈکن اور ٹرینر گرانٹ لوڈن پر مشمل ٹیم نے فٹنس ٹیسٹ لے لیے، اس دوران جو کرکٹر 17.4 کے بنچ مارک تک نہ پہنچ پائے، انھیں دوبارہ ٹیسٹ دینے کی بھی سہولت دی گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 کے لیے قومی ٹیم کا اعلان 18 اپریل کو کیا جائے گا۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے منتخب کردہ کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ 15 اپریل کو ہوگا اور انہی کھلاڑیوں میں سے مکمل طور پر فٹ کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈکپ ٹیم تیار کی جائیگی۔مزید معلوم ہوا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ20 اپریل سے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، اسی روز عالمی کپ کا حصہ بننے والے7 کھلاڑی پریس کانفرنس میں بھی حصہ لیں گے۔اگلے روز ایک بار پھر قذافی اسٹیڈیم میں ہی تربیتی کیمپ لگے گا جس میں کھلاڑیوں کو بیٹنگ، بولنگ اورفیلڈنگ کی بھرپور ٹریننگ کروائی جائے گی، کیمپ کے بعد مزید 7 کھلاڑی میڈیا کو پریس کانفرنس کے دوران اپنی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔22پریل کو کپتان سرفراز احمد چیف کوچ مکی آرتھر کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے، اگلے روز پاکستانی ٹیم کی انگلینڈ روانگی شیڈول ہے۔ ورلڈ کپ 2019 کا آغاز 30 مئی سے ہوگا ، ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پاکستانی ٹیم اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 24 مئی کو میدان میں اترے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔