رمضان شوگر ملز کیس؛ حمزہ شہباز نیب کو بیان ریکارڈ کرواکر واپس روانہ

ویب ڈیسک  پير 15 اپريل 2019
تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی حمزہ شہباز سے ایک گھنٹے 15 منٹ تک پوچھ گچھ

تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی حمزہ شہباز سے ایک گھنٹے 15 منٹ تک پوچھ گچھ

لاہور: رمضان شوگر ملزنالے کی تعمیر کے لیے سرکاری فنڈز استعمال کرنے کے الزامات پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نیب لاہور میں بیان ریکارڈ کروانے کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی مختلف کیسز میں نیب میں پیشیوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج وہ رمضان شوگر ملز نالے کی تعمیر کے لیے سرکاری فنڈز کے استمعال سے قومی خزانے کو 21 کڑور کا نقصان پہنچانے کے الزمات پر نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔

حمزہ شہباز کی نیب آمد پر کارکنوں نے بھرپور انداز سے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی اضافی نفری بھی نیب افس کے باہر موجود رہی جب کہ نیب کی طرف سے کل بھی حمزہ شہباز کو طلب کیا گیا ہے۔  اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سے نیب کی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے ایک گھنٹہ 15 منٹ  تک سوالات کیے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے حمزہ شہباز سے چنیوٹ نالے کی تعمیر کے لیے کرائے جانے والے سروے سے متعلق سوالات کیے جس پر حمزہ شہباز نے بتایا سروے سے متعلق انہیں کوئی معلومات نہیں ہیں اور نالہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے تعمیر کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز نے تحقیقاتی ٹیم کو جواب دیا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں نیب نے حمزہ شہباز اور شہباز شریف کے خلاف پہلے ہی ریفرنس دائر کر رکھا ہے جس پر عدالت نے دونوں پر فرد جرم بھی عائد کررکھی ہے لہذا نیب کا اس کیس میں بلوانا نہیں بنتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔