ڈیم فنڈ میں کرپشن کی تحقیقات کی جائیں، مرتضی وہاب

نمائندہ ایکسپریس  پير 15 اپريل 2019
ڈیم کےلیے 76 کروڑ روپے جمع ہوئے لیکن گورنر سندھ نے 67 کروڑ روپے فنڈ میں جمع کرائے، مشیر اطلاعات سندھ فوٹو:فائل

ڈیم کےلیے 76 کروڑ روپے جمع ہوئے لیکن گورنر سندھ نے 67 کروڑ روپے فنڈ میں جمع کرائے، مشیر اطلاعات سندھ فوٹو:فائل

 کراچی: مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ڈیم فنڈ میں مبینہ خرد برد کی اعلی سطح پر انکوائری کی جائے۔

سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ عمران نیازی اور انکی ہمشیرہ پر الزام لگے تو وہ اسکا جواب نہیں دیتے، آج میں ایک اہم انکشاف کرنے جارہا ہوں، وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے اپنے انٹرویو میں ڈیم فنڈ میں کیش جمع کرانے کے بجائے چیک کی صورت میں جمع کرانے کی درخواست کی ہے، اس کی ضرورت کیوں پیش آگئی۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل گورنر ہاؤس کراچی میں ڈیم فنڈ ریزنگ سے متعلق تقریب میں وزیراعظم عمران خان نیازی نے ٹوئٹ کیا کہ تقریب میں 76 کروڑ روپے جمع کرلئے لیکن گورنر عمران اسماعیل نے وزیراعظم کو 67 کروڑ روپے کا چیک دیا، بتایا جائے کہ باقی 9 کروڑ روپے کہاں گئے؟۔

مرتضی وہاب نے عدالت عظمی سے بھی معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ہیرا پھیری ہورہی ہے تو اس کی انکوائری ہونی چاہیے، دوسروں پر جھوٹے الزام لگانے والوں پر کرپشن ثابت ہورہی ہے۔ ایک سوال پر مشیر اطلاعات نے کہا کہ نو ماہ کی بچی نشوا کے معاملے کی وزیراعلی سندھ نے انکوائری کا حکم دیا ہے۔

پولیس ایکٹ سے متعلق سوال پر مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پولیس سندھ حکومت کا حصہ ہے آئین پاکستان کہتا ہے کہ ادارے کی پالیسی حکومت نے بنانی ہے انہیں کیوں تعجب ہورہا ہے؟ پالیسی بنانا حکومت اور اسکو نافذ کرنا پولیس کا کام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔