حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 اپریل تک توسیع

ویب ڈیسک  بدھ 17 اپريل 2019
ہمیں جو ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے وہ مکمل نہیں، وکیل حمزہ شہباز۔ فوٹو:فائل

ہمیں جو ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے وہ مکمل نہیں، وکیل حمزہ شہباز۔ فوٹو:فائل

لاہور  : ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی 3 کیسز میں عبوری ضمانت میں 25 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، اس موقع پر نیب نے عدالت میں جواب داخل کروا دیا تاہم وکیل حمزہ شہباز اعظم تارڑ نے کہا کہ ہمیں کل ایک بجے نیب کا جواب موصول ہوا، ہمیں جو ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے وہ مکمل نہیں۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کی آمدن سے زائد اثاثے، منی لانڈرنگ اور صاف پانی کرپشن کیسز میں عبوری ضمانت کی 25 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے رمضان شوگر ملز اور صاف پانی اسکینڈل کیس میں حمزہ شہباز کی 17 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔