روبوٹ کتوں کا بڑے ٹرک کو کھینچنے کا عملی مظاہرہ

ویب ڈیسک  جمعرات 18 اپريل 2019
بوسٹن ڈائنامکس کا منی اسپاٹ جس کے دس ماڈل ملکر ایک پورے ٹرک کو کھینچ سکتے ہیں۔ فوٹو: بشکریہ بوسٹن ڈائنامکس

بوسٹن ڈائنامکس کا منی اسپاٹ جس کے دس ماڈل ملکر ایک پورے ٹرک کو کھینچ سکتے ہیں۔ فوٹو: بشکریہ بوسٹن ڈائنامکس

بوسٹن: دلچسپ اور مفید روبوٹ بنانے والی کمپنی بوسٹن ڈائنامکس نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دس روبوٹ کتوں ’اسپاٹ مِنی‘ کے ذریعے ایک بڑے ٹرک کو کھینچا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ کمپنی کئی طرح کے انسان اور جانور نما روبوٹ بناتی ہے جو آئے دن خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں۔ اس ضمن میں کتے کی طرح چلنے والے اسپاٹ منی روبوٹ بھی قابلِ ذکر ہیں۔ اگرچہ کمپنی نے چھلانگ لگانے اور قلابازی کھانے والے روبوٹ بھی بنائے ہیں لیکن سوشل میڈیا پران کا مذاق اڑایا جاتا رہاہے۔

لوگوں نے اعتراض کیا ہے کہ اتنے مہنگے روبوٹ کا عملی استعمال کیا ہوسکتا ہے اور کرتب والے روبوٹ کسی سرکس کے لیے تو ہوسکتے ہیں لیکن ان کا عملی اطلاق ابھی بہت دور ہے۔ اسی بنا پر بوسٹن ڈائنامکس میں منگل کے روز ایک ویڈیو ریلیز کی گئی ہے جس میں چار پیروں والے روبوٹس کو ایک ٹرک کھینچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں 10 اسپاٹ مِنی روبوٹ دیکھے جاسکتے ہیں اور اس ویڈیو کا مقصد ان کی قوت اور استعمال کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنا ہے۔ واضح رہے کہ بوسٹن ڈائنامِکس نے 2018 میں کہا تھا کہ وہ اگلے برس سے اسپاٹ مِنی روبوٹ فروخت کے لیے پیش کرے گی۔

اب کمپنی نے روبوٹ کو مزید بہتر بنایا ہے جو گھر کی چوکیداری کرسکتا ہے۔ یہ سیڑھیاں چڑھنے، اونچے نیچے راستوں پر چلنے کے علاوہ اپنی پیٹھ پر 31 پونڈ تک وزن لے جاسکتا ہے۔ تاہم اب تک کمپنی نے اس کی قیمت اور دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔