بھارت میں عام انتخابات کا دوسرا مرحلہ، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا سماں

ویب ڈیسک  جمعرات 18 اپريل 2019
لوک سبھا کے انتخابات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو ہوا تھا فوٹو: فائل

لوک سبھا کے انتخابات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو ہوا تھا فوٹو: فائل

نئی دلی /  سری نگر: بھارت میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم مقبوضہ کشمیر میں عوام نے انتخابات کے نام پر ڈھونگ کو مسترد کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 95 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ریاست تمل ناڈو کی 38، مہاراشٹرا کی 10، کرناٹکا کی 14، اتر پردیش کی 8، آسام ، بہار اور اڑیسہ کی 5،5، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال کی 3،3 جب کہ مقبوضہ کشمیر کی 2 اور منی پور کی ایک نشست پر پولنگ ہورہی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں انتخابی ڈھونگ مسترد

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے عوام نے انتخابات کے نام پر رچائے جانے والے ڈھونگ کو مسترد کردیا ہے، حریت رہنماؤں کی اپیل پر نام نہاد انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا ہے، پولنگ اسٹیشن ویران پڑے ہیں جب کہ وادی میں کرفیو کا سماں ہے۔

رقم کی تقسیم پر انتخاب ملتوی

بھارت کی مختلف ریاستوں میں سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کو لبھانے کے لیے شراب، ملبوسات، سونے کے زیور اور نقد رقم کی تقسیم بڑے پیمانے پر ہوتی ہے، بھارتی ریاست تمل ناڈو کے حلقہ ویلور میں نقد رقم بانٹنے پر انتخاب ملتوی کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ لوک سبھا کے انتخابات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو ہوا تھا جس میں 20 ریاستوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔