پنجاب میں گندم باردانہ کیلئے 8 لاکھ59 ہزار درخواستیں موصول

رضوان آصف  جمعرات 18 اپريل 2019
پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے ریوینیو ریکارڈ کی جانچ شروع کردی ہے، فوٹو: فائل

پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے ریوینیو ریکارڈ کی جانچ شروع کردی ہے، فوٹو: فائل

 لاہور: پنجاب میں گندم کی سرکاری خریداری مہم کے حوالے سے محکمہ خوراک پنجاب کو باردانہ کے حصول کیلئے مجموعی طور پر 8 لاکھ 59 ہزار درخواستیں موصول ہو گئی ہیں جن کی تصدیق کیلئے پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے ریوینیو ریکارڈ کی جانچ شروع کردی ہے۔

حکومت پنجاب نے 8 اپریل سے صوبے بھر میں باردانہ کے حصول کی درخواستیں وصول کرنے کا آغاز کیا تھا جس کی حتمی تاریخ17 اپریل تھی۔ 17 اپریل تک محکمہ خوراک کو باردانہ کیلئے 8 لاکھ59 ہزار درخواستیں وصول ہوئی ہیں جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں1 لاکھ45 ہزار زائد ہیں گزشتہ سال محکمہ خوراک کو مجموعی طور پر 7 لاکھ14 ہزار درخواستیں وصول ہوئی تھیں جن میں سے 6 لاکھ25 ہزار درخواستوں کو درست قرار دیا گیا تھا جبکہ ان میں سے 5 لاکھ94 ہزار درخواست گزاروں نے محکمہ سے باردانہ حاصل کیا تھا۔

محکمانہ ذرائع نے”ایکسپریس“ کو بتایا کہ گزشتہ برس باردانہ درخواستیں جمع کروانے کیلئے کسانوں کو صرف 5 دن کی مہلت دی گئی تھی لیکن اس مرتبہ کسانوں کو درخواستیں جمع کروانے کیلئے 10 یوم فراہم کیے گئے اور کسانوں کو اس بارے آگاہ کرنے کیلئے خوب تشہیر بھی کی گئی ہے جس وجہ سے اس مرتبہ درخواستیں ریکارڈ تعداد میں موصول ہوئی ہیں لیکن یہ بھی ظاہر ہو رہا ہے کہ اس مرتبہ ایک ہی شناختی کارڈ پر دو یا اس سے زائد درخواستوں کا رحجان بہت زیادہ ہے اور ابتدائی تحقیق میں معلوم ہوتا ہے کہ جس شخص کی 10 ایکڑ سے زائد اراضی ہے اس نے مقامی ریونیو اسٹاف کی ملی بھگت سے دو گردواریاں بنوا لیں یا پھر محکمہ خوراک کو باردانہ درخواست کیلئے بوگس گرداوری جمع کروائی ہے، چھان بین کے بعد 2 سے لاکھ درخواستیں منسوخ ہونے کاامکان ہے اور ایک ہی شناختی کارڈ والی ایک سے زائد درخواستیں سب سے زیادہ منسوخ ہوں گی۔

”ایکسپریس“ کے رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر فوڈ پنجاب محمد شاکر نے بتایا کہ باردانہ درخواستوں کی وصولی کا عمل17 اپریل کو ختم ہو گیا ہے اور اب ان کی تصدیق کا عمل شروع ہو چکا ہے، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پورٹل پر تمام درخواستوں کا ڈیٹا موجود ہے جس کی تصدیق پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کر رہی ہے۔ تصدیقی عمل کے بعد درست قرار دی جانے والی درخواستوں کا ڈیٹا محکمہ خوراک کو مل جائے گا اور بذریعہ موبائل فون میسج درخواست گزار کو آگاہ کردیا جائے گا کہ اس نے کون سی تاریخ کو باردانہ حاصل کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹر فوڈ نے کہا کہ گزشتہ برس حکومت کی منظوری سے ہم نے یہ فارمولہ اپنا تھا کہ خریداری ہدف کی مقدار کو درست قرار پانے والی درخواستوں کے تناسب سے تقسیم کر لیا تھا ۔اس مرتبہ بھی قوی امکان ہے کہ یہی طریقہ کار اپنایا جائے گا لیکن حتمی فیصلہ سیکرٹری فوڈ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔