کراچی سمیت 12 شہروں کے سیوریج پانی میں پولیو وائرس کا انکشاف

نمائندہ ایکسپریس / آئی این پی  جمعـء 19 اپريل 2019
مہم کی نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ، 3 کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلیے 2 لاکھ 60 ہزار ٹیمیں تشکیل۔ فوٹو: فائل

مہم کی نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ، 3 کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلیے 2 لاکھ 60 ہزار ٹیمیں تشکیل۔ فوٹو: فائل

پشاور /  اسلام آباد:  ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

ملک کے بڑے شہروں کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف کے بعد حکومت نے ان شہروں میں انسداد پولیو مہم کی نگرانی کے سسٹم کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وائرس کی موجودگی کے بعد پولیو ویکسی نیشن کی عمر کی حد بھی بڑھا کر 10 سال کردی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک کے بارہ شہروں کو پولیو وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ان میں لاہور‘ راولپنڈی‘ پشاور‘ مردان بنوں‘ وزیرستان‘ کوئٹہ، قلعہ عبداللہ‘ کراچی‘ حیدرآباد‘ قمبر اور سکھر شامل ہیں ان شہروں کے گٹر کے پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ ماہ ان شہروں کے 59 مقامات سے سیوریج پانی کے نمونے لئے تھے اس سلسلے میں نمونے لینے کیلیے طریقہ کار آبادی کے سائز‘ سماجی ومعاشی معیار اور گٹر کے پانی کے نظام کی بنیاد پر وضع کیا گیا تھا جبکہ نمونے صحت کے صوبائی محکموں کی نگرانی میں لیے گئے اور نمونوں کے ٹیسٹ قومی ادارہ صحت اسلام آباد سے کروائے گئے۔

وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے پولیو بابر بن عطاء نے کہا کہ ہر مکتبہ فکر کے لوگ پولیو وائرس کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔