جوحکومتیں معیشت کی وجہ سے ختم ہوتی ہیں وہاں انارکی کا خطرہ ہوتا ہے، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اپريل 2019
 ایسے معاملات پر اپوزیشن سیاست نہیں کرے گی، خورشید شاہ: فوٹو: فائل

 ایسے معاملات پر اپوزیشن سیاست نہیں کرے گی، خورشید شاہ: فوٹو: فائل

سکھر: اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا ہے کہ معیشت کی ناکامی سےعوام کا نقصان ہوتا ہے جب کہ معیشت کی کمزوری حکومت کی ناکامی ہے۔

سکھرمیں رہنما پیپلزپارٹی سید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر کی ناکامیاں نظرآرہی تھی، تبدیلی ہونا تھی، پہلے ہی کہا تھا معاشی حالات خراب ہیں، مل کرحل کرنا ہوگا جب کہ تمام ملکی معاملات میں حکومت کے ساتھ کام کرنے کی بات بھی کی تھی۔ عمران خان کے خودکشی کے بیان سے حکومت دیرسے آئی ایم ایف کے پاس گئی۔ معیشت کی ناکامی سےعوام کا نقصان ہوتا ہے جب کہ معیشت کی کمزوری حکومت کی ناکامی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ایسے معاملات پر اپوزیشن سیاست نہیں کرے گی، ہم نے اپنے دورمیں مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف دیا، پی ٹی آئی میں تمام سیاسی جماعتوں کے سابق ارکان ملیں گے جب کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ہے اسے لایا گیا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ جوحکومتیں معیشت کی وجہ سے ختم ہوتی ہیں وہاں انارکی کا خطرہ ہوتا ہے، عمران خان آج پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کریں، تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔ اگر تبدیلی ہو بھی تو ان ہاؤس ہونی چاہیے، آپس کی لڑائی ملک کے اندر لڑی جائے کیونکہ باہر لڑنے سے رسوائی ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔