لاہورمیں دولت کے لئے 6 شادیاں کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج

ثاقب سلیم  جمعـء 19 اپريل 2019
ملزم نے مجھے 8 لاکھ مالیت کا سامان، جہیز اور رقم سمیت زیورات بھی لیے ہیں، آمنہ کا بیان: فوٹو:ایکسپریس

ملزم نے مجھے 8 لاکھ مالیت کا سامان، جہیز اور رقم سمیت زیورات بھی لیے ہیں، آمنہ کا بیان: فوٹو:ایکسپریس

لاہور: مصری شاہ میں لڑکیوں سے مال بٹورنے کے لئے چھ شادیاں کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقہ مصری شاہ میں مبینہ طور پر لڑکیوں سے مال بٹورنے کے لئے 6 شادیاں کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف مبینہ چھٹی بیوی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تاہم ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لئے عبوری ضمانت کروا رکھی ہے۔

ایس ایس پی انوسٹی گیشن ذیشان اصغر کے مطابق قلعہ گجر سنگھ پولیس لائن میں میں تعینات کانسٹیبل عمران یونس کے خلاف آمنہ نامی مبینہ چھٹی بیوی نے مقدمہ درج کرایا ہے، اور بیان دیا ہے کہ فیصل یونس رشتہ کروانے والوں کو پیسے دیکر اپنے رشتہ بھجوانے کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کو نوکری کا جھانسہ بھی دیتا ہے، فیصل یونس سے میری شادی  13 مئی 2018 میں ہوئی، ملزم مجھ سے مکاری کے ساتھ  میرے گھر والوں سے پیسے منگواتا رہا، اور اب تک 8 لاکھ مالیت کا سامان، جہیز اور رقم سمیت زیورات بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔

آمنہ نے بتایا کہ ایک روز ملزم کے اسٹور سے اس کی سابقہ 3 بیویوں کے اسٹام پیپرز ملے جس کے بعد میں نے اپنے طور پر تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ اس نے مجھ سے قبل بھی 5 شادیاں کررکھی ہیں، پہلی شادی لاہور باغباپورہ کی انم منیر سے کی جس سے اس کا ایک 7 سالہ بیٹا ہے، دوسری شادی گوجرانوالہ کی رہائشی عاطفہ ثروت سے کی جس سے ایک بیٹی پیدا ہوئی، تیسری شادی گجرات کی ثمرہ سے ہوئی اور یہ رشتہ فیصل کی والدہ نے اپنے بائی گائوں میں کروایا تھا۔ چوتھی شادی مصری شاہ لاہورکی جویریہ، پانچویں لاہور گھوڑے شاہ کی حافظہ مقدس کبیر جبکہ چھٹی شادی مجھ سے کی۔

ایس ایس پی انوسٹیگیشن کا کہنا ہے کہ اب تک حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ملزم فیصل نے 5 شادیاں کر رکھیں ہیں لیکن مدعیہ آمنہ کے مطابق فیصل نے چھ شادیاں کی ہوئیں ہیں اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، تاہم ملزم فیصل 30 اپریل تک عبوری ضمانت پر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔