سوسالہ جرمن خاتون بلدیاتی انتخابات کی امیدوار بن گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اپريل 2019
میری سب سے پہلی ترجیح مقامی سوئمنگ پول کوعوام کے لئے دوبارہ کھولنا ہے، لیزیل ہائسے۔ فوٹو:اسکرین گریپ

میری سب سے پہلی ترجیح مقامی سوئمنگ پول کوعوام کے لئے دوبارہ کھولنا ہے، لیزیل ہائسے۔ فوٹو:اسکرین گریپ

برلن: جرمنی میں سو سالہ خاتون لیزیل ہائسے بلدیاتی انتخابات کے لیے بطور امیدوار سامنے آگئیں اور گھر گھر جاکر لوگوں سے ووٹ مانگنے شروع کردیے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی میں 100 سالہ خاتون لیزیل ہائسے کے ارادے آج بھی بلند ہیں اور وہ سیاستدان بننا چاہتی ہیں،  جرمن خاتون ان دنوں اپنے آبائی علاقے میں بلدیاتی انتخابات کے لیے مہم چلا رہی ہیں اور اپنے حق میں ووٹ کے حصول کے لیے خود گھر گھر جاکر اہل علاقہ سے ملاقات کرتی ہیں، لیزیل کے شہر میں بلدیاتی انتخابات 26 مئی کو ہوں گے۔

لیزیل کا کہنا ہے کہ میں سٹی کونسل کا حصہ بن کر سیاست میں شامل ہونا چاہتی ہوں تاکہ نوجوانوں کے لیے کچھ کرسکوں، میں نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہیں اور ان کے لیے آواز بھی بلند کررہی ہوں۔

لیزلے نے کہا کہ ’میں کھیلوں کی استاد بھی رہی ہوں اور ایک بہترین تیراک تھی، اس لیے میری سب سے پہلی ترجیح مقامی سوئمنگ پول کو عوام کے لیے دوبارہ کھولنا ہے، میرے لیے یہ سب کچھ آسان نہیں، میں جب بھی مذکورہ سوئمنگ پول کھولنے کی بات کرتی تو میرا مائیک بند کردیا جاتا تھا، اس کے بعد انسان کیا کرسکتا ہے جب کوئی سننے کو ہی تیار نہ ہو۔‘

لیزلے نے مزید کہا کہ ’لیکن اب میں ایک سو سال کی ہوگئی ہوں اور میری صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی ہے، میرے پاس آواز بلند کرنے کا موقع ہے، مجھے بہت اچھا لگتا ہے جب نوجوان ماحولیاتی مسائل پر بات کرتے ہیں اور میں ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں۔ ‘

لیزلے کے حمایتیوں کا کہنا ہے کہ جب آپ کوئی ذمہ لے سکتے ہیں تو پھر عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی، سب سے اہم یہ ہے کہ آپ اس کام کے لیے خود کو وقف کردیں اور وہ بات کہیں جو ممکن بھی ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔