طوفانی ہواؤں کے باعث لاپتا ماہی گیروں کی تعداد 24 ہوگئی

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 19 اپريل 2019
ابراہیم حیدری کے مزید 3 ماہی گیر عثمان ولد نور اسلام، نور محمد ولد سعید احمد اور عبدالسلام ولد حسین علی بھی لاپتا ہیں (فوٹو: فائل)

ابراہیم حیدری کے مزید 3 ماہی گیر عثمان ولد نور اسلام، نور محمد ولد سعید احمد اور عبدالسلام ولد حسین علی بھی لاپتا ہیں (فوٹو: فائل)

 کراچی: سمندر میں طوفانی ہواؤں کی وجہ سے لاپتا ہونے والے ماہی گیروں کی تعداد 24 ہوگئی۔

طوفانی ہواؤں کی وجہ سے سمندر میں لاپتا ماہی گیروں کی تلاش کے لیے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی جانب سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا گیا اور کیٹی بندر کے قریب واقع مینگروز کے جنگلات کھڈا کھارا میں بھی تلاش کا کام کیا گیا۔

سمندر میں طوفانی ہواؤں کی وجہ سے مچھلی کے شکار پر جانے والی لانچ فضل اکبر پر سوار عملے کے 18 افراد، العزیزی لانچ کے 2 ماہی گیر اور المدثر نامی لانچ کے بھی 2 ماہی گیر تاحال لاپتا ہیں۔

فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کے مطابق فضل اکبر لانچ کے عملے کے زیر استعمال سامان گذشتہ روز مل چکا ہے، فضل اکبر لانچ پر ناخدا سیف الرحمن جبکہ دیگر ماہی گیروں میں اسحاق گھمن، عرس راٹھور، نذیر محمد، سید خان، نیاز میر بحر، اللہ ورائیو، محمد ایوب، وقار احمد، محمد عرس، عباس، ناصر اللہ گھمن، دریا خان، یار محمد، وزیر، عبدالواحد، عری اور عبدالمجید سوارتھے جن کے لواحقین جمعہ کی صبح فش ہاربر پر پہنچے اور دن بھر اپنے پیاروں کے حوالے سے معلومات حاصل کرتے رہے۔

ترجمان فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے باعث لاپتا ہونے والے ماہی گیروں کی تعداد بڑھ کر 24 ہوگئی، ابراہیم حیدری کے مزید 3 ماہی گیر عثمان ولد نوراسلام،نور محمد ولد سعید احمداور عبدالسلام ولد حسین علی بھی لاپتا ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔