عالمی عدالتوں سے جاسوس کلبھوشن اور ریکوڈک کے فیصلے آنیوالے ہیں

حسنات ملک  ہفتہ 20 اپريل 2019
پاکستان ریکوڈک معاملہ عدالت سے باہر طے کرنے کی ایک اور کوشش کرنے جا رہا ہے، ذرائع۔ فوٹو:فائل

پاکستان ریکوڈک معاملہ عدالت سے باہر طے کرنے کی ایک اور کوشش کرنے جا رہا ہے، ذرائع۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد:  عالمی قانونی فورمز پر اپریل مئی پاکستان کیلئے بڑے اہم ہیں کیونکہ بھارتی جاسوس کلبھوش یادیو اور ریکو ڈک جیسے معاملات پر فیصلے آنیوالے ہیں۔

انٹرنینشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹس (ICSID) نے  ریکو ڈک کان کے معاملہ میں پاکستان کو ہرجانہ ڈالنے کے حوالہ سے کارروائی مکمل کرلی ہے اور فیصلہ اس ماہ کے اخر یا اگلے ماہ میں سنائے جانے کا امکان ہے۔

اسی طرح انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (ICJ) نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس پر بھی غوروخوص مکمل کر لیا ہے، اگرجہ اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق تو سامنے نہیں آئی البتہ قانونی ماہوین کو یقین ہے کہ عالمی عدالت کے جج صاحبان کلبھوشن کی حوالگی کیلیے بھارتی درخواست مسترد کر دیں گے، تاہم ہوسکتا ہے کہ پاکستان کو ہدایت کی جائے کہ بھارت کو کلبھوشن تک قونصلر رسائی دی جائے ،یہ پہلا موقع ہو گا کہ عالمی عدالت کے ججز جاسوس کو قونصلر رسائی دینے سے متعلق کوئی رولنگ دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکوڈک کے معاملہ میں پاکستانی اہلکار عدالت سے باہر تصفیہ کیلئے دوسرے راؤنڈ کے مذکرات کی تیاری کر رہے ہیں، جبکہ درخواست گزار کمپنی جس کا ٹھیکہ منسوخ کیا گیا تھا اس نے عالمی ٹریبونل میں گیارہ ارب ڈالر سے زائد کے ہرجانے کا دعویٰ کر رکھا ہے ICSID یہ تو کہہ چکی ہے پاکستان کو ہرجانہ دینا ہو گا، مشیران پاکستان کو کسی بڑی پنلٹی سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد وزیرقانون فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل انور منصور نے سودے بازی کیلئے امریکہ کا دورہ کیا لیکن عدالت سے باہر کوئی حل سامنے نہیں آ سکا۔

ایک سینیر وکیل کا کہنا ہے انہیں نہیں لگتا ہے عدالت سے باہر دوسرے راؤنڈ کی بات چیت کامیاب ہو کیونکہ ٹریبونل کے تین ججز اس ماہ کے آخر یا اگلے ماہ کے دوران فیصلہ سنانے کا کہہ چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔