ملک بھر میں شب برأت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اپريل 2019
مقدس موقع پر مساجد، امام بارگاہوں اور گھروں میں خصوصی عبادات ادا کی گی۔ فوٹو: فائل

مقدس موقع پر مساجد، امام بارگاہوں اور گھروں میں خصوصی عبادات ادا کی گی۔ فوٹو: فائل

کراچی / لاہور / راولپنڈی: ملک بھر میں شب برأت انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

امت مسلمہ نے ہفتے کے روز شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی، ملک بھر کی مساجد میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا اور رات بھر نوافل ادا کیے گئے، شہریوں نے رات بھر نوافل کے ساتھ خدائے بزرگ و برترکی بارگاہ میں اپنی، فیملیز اور احباب کی سلامتی، ملکی ترقی اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگیں، ذکر الٰہی کی خصوصی محافل، حسن قرات، حمد و نعت اور درود و سلام کی روح پرور محافل کا اہتمام بھی کیا گیا۔

نفلی عبادات کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری اور ان کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کرتے رہے جبکہ آج اتوار کو شب برات کے احترام میں روزہ بھی رکھا گیا ہے۔

دوسری طرف منچلے شام ہوتے ہی پٹاخے چلانا شروع ہوگئے پولیس اور منچلوں میں آنکھ مچولی رات گئے تک جاری رہی، ہرگلی محلہ میں شام سے رات گئے تک پٹاخوں کی آوازیں آتی رہیں، کئی منچلے ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے جس کے باعث نماز اور عبادات میں بھی خلل پڑتا رہا، پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے۔

آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نوازخان کی ہدایت پر لاہور پولیس نے بھی شبِ برات کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ، شہر بھر میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر 5 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر ایلیٹ فورس کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے۔

شب برأت کو لیلۃ المبارکہ اور لیلۃ الرحمۃ بھی کہا گیا ہے۔ شب برأت دراصل اس عزم و عہد کی رات ہے جب بندہ اللہ سے مغفرت طلب کرکے گناہوں کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دینے کا عزم و عہد کرتا ہے۔ اس بابرکت رات اہل ایمان رب کائنات کے حضور سربسجود ہو کر توبہ و استغفار، اپنے اعمال کی اصلاح، گناہوں سے توبہ، رزق میں برکت اور صحت و تندرستی کے لئے دعائیں مانگی جاتی ہیں۔

شب برات کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا اور فرزندان اسلام نوافل اور تسبیحات سمیت مختلف نفلی عبادات ادا کیں، اس کے علاوہ ذکر الٰہی کی خصوصی محافل، حسن قرات، حمد و نعت اور درود وسلام کی روح پرور محافل کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جہاں علمائے کرام ، مشائخ عظام اور مذہبی دانشوروں نے شب برات کی فضیلت اور امت مسلمہ کے لئے اس کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔