جنوبی افریقا میں ایسٹر تقریبات کے دوران چرچ کی دیوار گرنے سے 13 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اپريل 2019
حادثے میں 16 افراد زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو : ٹویٹر

حادثے میں 16 افراد زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو : ٹویٹر

ڈربن: جنوبی افریقا میں ایک چرچ کی دیوار اُس وقت منہدم ہوگئی جب ایسٹر کی تقریب کے سلسلے میں سیکڑوں افراد موجود تھے جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے ساحلی شہر ڈربن کے شمالی علاقے میں واقع پینٹا کوسٹل چرچ کی دیوار تیز ہواؤں کے جھکڑ کے باعث گر گئی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

چرچ میں ایسٹر کی رسومات کی ادائیگی کے لیے سیکڑوں افراد جمع تھے اور اپنے مذہبی فریضے کے بعد موسم کی خرابی کے باعث درجنوں افراد گھر جانے کے بجائے چرچ میں ہی سو گئے تھے۔  دیوار انہی سوئے ہوئے افراد پر گری۔ اس علاقے میں تیز بارشوں اور طوفان کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے۔

دور افتادہ علاقے میں ہونے اور موبائل فون سروس کی عدم موجودگی کی وجہ سے ایک زخمی نے بمشکل پولیس اسٹیشن پہنچ کر حادثے کی اطلاع دی۔ ریسکیو اداروں کے تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے بھی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔