کراچی میں غلط انجیکشن سے مرنے والی لڑکی سے زیادتی و قتل کا انکشاف

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اپريل 2019
لڑکی کی جاں بحق ہونے سے چند لمحے قبل اپنے موبائل سے کھنیچی گئی سیلفی (فوٹو: ایکسپریس)

لڑکی کی جاں بحق ہونے سے چند لمحے قبل اپنے موبائل سے کھنیچی گئی سیلفی (فوٹو: ایکسپریس)

کراچی: کورنگی کے سندھ گورنمنٹ اسپتال میں دانت میں درد کے علاج کے لیے آنے والی 25 سالہ عصمت کے ساتھ زیادتی و قتل کا انکشاف ہوا ہے۔

دوروز قبل کراچی کے علاقے کورنگی کے سندھ گورنمنٹ اسپتال میں دانت میں درد کے علاج کے لیے آنے والی 25 سالہ لڑکی عصمت غلط انجیکشن لگنے سے جاں بحق ہوگئی تھی تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ عصمت غلط انجیکشن سے نہیں بلکہ اسے زیادتی کے بعد زہر کا انجیکشن دے کر قتل کیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: دانت کے درد کیلیے انجکشن لگوانے والی لڑکی جاں بحق

پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال کا گرفتار کمپاؤڈر شاہ زیب عصمت کے ساتھ زیادتی اور قتل میں ملوث ہے، جب کہ لڑکی کو انجیکشن لگانے والا ڈاکٹر ایاز فرار ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ عوامی کالونی پولیس نے ڈاکٹر اور کمپاؤڈر کے خلاف لڑکی کی ہلاکت کا مقدمہ درج کیا ہے، تاہم مقدمے میں ابھی زیادتی اور قتل کی دفعات شامل نہیں ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:غلط انجکشن سے لڑکی کی ہلاکت کا معاملہ، اسپتال ملازم گرفتار

واضح رہے کہ ابراہیم حیدری کی رہائشی عصمت کو دانت کے درد کی شکایت پر اسپتال لایا گیا تھا  جہاں ڈاکٹر ایاز نے کمپاؤڈر شاہ زیب کو انجیکشن لکھ کردیا جیسے ہی وہ انجیکشن لڑکی کو لگایا گیا تو اچانک لڑکی طبیعت خراب ہونے کے بعد انتقال کرگئی۔

اسپتال کے عملے اور ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے جاں بحق ہونے والی لڑکی کی ہلاکت کا مقدمہ عوامی کالونی پولیس نے درج کرنے کے بعداسپتال کے 2 ٹیکنیشن کو حراست میں لے کراور متوفیہ اور کمپاؤنڈر کا موبائل فون و دیگر اشیا تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔