میکسیکو میں ایک گھریلو تقریب پر مسلح افراد کا حملہ، 13 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اپريل 2019
مسلح افراد نے مقامی بار کے مالک کی تلاش میں گھر پر دھاوا بولا۔ فوٹو : فائل

مسلح افراد نے مقامی بار کے مالک کی تلاش میں گھر پر دھاوا بولا۔ فوٹو : فائل

میکسیکو سٹی: میکسیکو میں ایک فیملی پارٹی کے دوران مسلح افراد نے حملہ کر کے خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد کو قتل کر دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے ایک گھر میں فیملی پارٹی جاری تھی کہ مسلح افراد نے دھاوا بول دیا اور  اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 7 مرد، 5 خواتین اور ایک بچہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ مسلح افراد نے فائرنگ کرنے سے قبل ایک مقامی بار کے مالک ایل بیکی کے بارے میں پوچھا تھا۔ ملزمان قتل کے بعد فرار ہوگئے جن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم قاتلوں اور مقتولین کے درمیان ‘جرائم کا رشتہ‘ ہونے کا امکان ہے اور واقعہ گینگ میں اختلافات کا شاخسانہ لگتا ہے جو عمومی طور پر علاقوں اور رقم کی تقسیم پر ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ میکسیکو میں گینگ وار عام ہے تاہم 2006 سے جاری منشیات اور اسلحہ فروشوں کے خلاف ریاستی آپریشن میں 40 ہزار سے زائد افراد لاپتہ بھی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔