خلاء میں زمین کی جسامت کے برابر پہلا سیارہ دریافت

ویب ڈیسک  اتوار 21 اپريل 2019
سیارے کو TESS کی مدد سے ڈھونڈا گیا جس کی جسامت تصدیق PFS نے کی۔ فوٹو : ناسا

سیارے کو TESS کی مدد سے ڈھونڈا گیا جس کی جسامت تصدیق PFS نے کی۔ فوٹو : ناسا

 واشنگٹن: امریکی خلائی ادارے ناسا نے زمین کی جسامت کے برابر پہلا سیارہ دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خلائی سائنس کے جریدے آسٹرو فزیکل جرنل لیٹر کے مطابق ناسا کی سیاروں پر نظر رکھنے والی ٹیلی اسکوپ نے زمین کی جسامت کے برابر ایک سیارہ ( Exoplanet) ڈھونڈ نکالا ہے۔ یہ سیارہ سب نیپچون کا ساتھی سیارہ ہے جسے پہلی مرتبہ رواں برس جنوری میں دیکھا گیا تھا تاہم مسلسل مشاہدے اور دیگر تفصیلات جاننے کے بعد باقاعدہ تصدیق کردی گئی ہے۔

خلائی سائنس دانوں نے دو سال قبل  Transiting Exoplanet Sruvey Satellite  کی مدد سے نظام شمسی سے دور اور چمکدار ستاروں کے نزدیک پائے جانے والے سیاروں کے مشاہدے کا فیصلہ کیا تاکہ ان کی ساخت اور سطح کا بغور جائزہ لیا جا سکے۔

سائنس دانوں نے انکشاف کیا ان دو برسوں میں TESS نے زمین کی جسامت کے برابر یا اس سے بڑے سائز والے تقریباً 300 سیاروں کا مشاہدہ کیا جن میں ایک سیارے کا بغور جائزہ لیا گیا جو زمین سے 13 نوری سال کی مسافت پر زردی مائل سیارے ایچ ڈی 21749 کے گرد مدار میں گھوم رہا ہے۔

سائنس دانوں نے اس دریافت کی ٹیلی اسکوپ مگیلین دوم کی مدد سے بھی تصدیق کی جو اپنے پلانیٹ فائنڈر اسپیکٹروگراف یعنی PFS  کی مدد سے سیارے کی جسامت اور ساخت کے مطالعے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا، PFS نے بھی اس سیارے کی جسامت زمین کے برابر ہونے کی تصدیق کردی۔

سائنس دانوں نے اس دریافت کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ناصرف ہماری کہکشاں بلکہ خلاء کے رموز و اسرار جاننے کا موقع ملے گا اور اس مشاہدے کائنات میں چھپے رازوں سے پردہ اُٹھنے کی بھی امید ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔