’’ ایکسپریس ٹی وی‘‘ ڈرامہ انڈسٹری کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، ارفع فریال

قیصر افتخار  اتوار 21 اپريل 2019
مستقبل میں اچھا اور جاندار کردار ملا تو سلور اسکرین پر ضرور کام کروں گی، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

مستقبل میں اچھا اور جاندار کردار ملا تو سلور اسکرین پر ضرور کام کروں گی، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

لاہور: سوشل میڈیا پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی ارفع فریال کے کیریئر کی پہلی ڈرامہ سیریل’’ضد‘‘کے’’ایکسپریس ٹی وی‘‘سے آن ائیر ہوتے ہی چاہنے والوں کی تعداد بڑھنے لگی۔

’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے ارفع فریال نے بتایا کہ میری فیملی کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں ، کچھ عرصہ قبل میں نے سوشل میڈیا پر مقبول ڈائیلاگز کو کچھ اس انداز سے پیش کیا کہ دیکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا گیا ، میں سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھیجتی رہی اور اس کو پسند کرنے والوں کی تعداد بڑھتی چلی گئی۔

اسی دوران مجھے پاکستان کے بہت سے بڑے بڑے پروڈکشن ہاؤسز کی جانب سے ڈرامہ اور فلم میں کام کرنے کی آفرز ہوئیں لیکن نہ ہی میں نے اس بارے میں کبھی سوچا تھا اور نہ ہی فیملی کی طرف سے باقاعدہ اداکاری کی اجازت تھی لیکن جب مجھے ڈرامہ سیریل ضد میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو مجھے ڈرامے کی کہانی اور اپنے کردار کے بارے میں بڑی تفصیل سے سمجھایا اور بتایا گیا جس کے بعد میں اس آفر کو قبول کیے بغیر نہ رہ سکی۔

میں نے اپنی فیملی کو بھی اس پروجیکٹ کے لیے بڑی مشکل سے راضی کیا مگر اب میرا کام دیکھنے کے بعد فیملی کے تمام لوگ اور قریبی عزیزمیری صلاحیتوں کا اعتراف کر رہے ہیں۔ جہاں تک بات میرے پہلے ڈرامہ کی ہے تو ایکسپریس ٹی وی سے آن ائیر ہونے کے بعد میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ اب میرے چاہنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں۔جس انداز سے ایکسپریس ٹی وی نے اس ڈرامے کی پرموشن کی اس پر جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔ واقعی ہی ایکسپریس ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری کے فروغ میں سب سے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ جہاں مجھے ایک ایسے جاندار کردار سے اپنے فنی سفر کی شروعات کا موقع ملا وہیں دوسری جانب تمام فنکاروں نے میری خوب رہنمائی کی۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرامے کے ڈائریکٹر اویس خان نے میری فنکارانہ صلاحیتوں کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اویس خان واقعی ایک بہترین ہدایتکار اور عمدہ انسان ہیں۔

آخر میں ارفع فریال نے کہا کہ ابھی میرا فوکس صرف ٹی وی ڈراموں کی جانب رہے گا، فلموں میں کام کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں لیکن مستقبل میں اگر کوئی اچھا اور جاندار کردار ملا تو سلور اسکرین پر ضرور کام کروں گی مگر اس حوالے سے ابھی کوئی بھی جواب دینا قبل از وقت ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔