ورلڈ کپ 2019؛ افغان اسکواڈ میں پیسر حامد حسن کی واپسی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 23 اپريل 2019
قیادت گلبدین نائب کے سپرد، آئرلینڈ سے سیریز کھیلنے والے 4 پلیئرز کی چھٹی ہوگئی۔ فوٹو: فائل

قیادت گلبدین نائب کے سپرد، آئرلینڈ سے سیریز کھیلنے والے 4 پلیئرز کی چھٹی ہوگئی۔ فوٹو: فائل

کابل:  افغانستان نے بھی ورلڈ کپ کیلیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا جب کہ تقریباً 3 برس بعد فاسٹ بولر حامد حسن کو واپس طلب کرلیا گیا۔

افغانستان نے بھی انگلینڈ میں شیڈول ورلڈکپ کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ، ٹیم میں 31 سالہ فاسٹ بولر حامد حسن کی واپسی ہوئی ہے جنھوں نے آخری ایک روزہ میچ جولائی 2016 میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلا تھا جبکہ آخری ٹوئنٹی 20 میچ اسی سال بھارت میں ورلڈ ٹی 20 کے دوران کھیلا تھا، اگرچہ رواں برس کے آغاز پر فروری میں زمبابوے سے سیریز کیلیے انھیں ٹوئنٹی 20 اسکواڈ میں منتخب کیا گیا تھا مگر انھیں کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ ٹیم کی قیادت گلبدین نائب کریں گے۔

اگرچہ ان پر سینئر کھلاڑی راشد خان اور محمد نبی اعتراض بھی کرچکے ہیں، تقریباً دو ماہ قبل اصغر افغان کو کپتانی سے ہٹادیا گیا تھا تاہم ان کو اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

15 رکنی اسکواڈ کا انتخاب جنوبی افریقی شہر پوشف سٹروم میں لگائے گئے ایک کیمپ کے بعد کیا گیا، جس میں 23 کھلاڑی شریک ہوئے تھے۔ اکرام علی خیل، کریم جنت اور سید شیراز حتمی 15 کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے، البتہ انھیں میگا ایونٹ کیلیے ریزرو پلیئرز قرار دیا گیا ہے۔

آئرلینڈ کے خلاف گذشتہ ایک روزہ سیریز کھیلنے والے 4 کھلاڑی لیفٹ آرم اسپنر ظاہر خان، لیفٹ آرم فاسٹ بولرز شاپور زدران، فرید احمد  اور ٹاپ آرڈر بیٹسمین جاوید احمدی کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ اسکواڈ کا انتخاب کھلاڑیوں کی فٹنس اور گذشتہ 6 ماہ کے دوران ان کی پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔  ورلڈ کپ میں افغانستان کا پہلا میچ آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ہے۔

اسکواڈ میں کپتان گلبدین نائب، محمد شہزاد، نور علی زدران، حضرت اللہ زازئی، رحمت شاہ، اصغر افغان، حشمت اللہ شاہدی، نجیب اللہ زدران، سمیع اللہ شنواری، محمد نبی، راشد خان، دوالت زدران، آفتاب  عالم، حامد حسن اور مجیب الرحمان پر مشتمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔