آئی بی سروس فنڈ کو آڈٹ سے چھوٹ دینے کا فیصلہ

ارشاد انصاری  منگل 23 اپريل 2019
وفاقی کابینہ سمری کا جائزہ لے کر منظوری دینے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔فوٹو: فائل

وفاقی کابینہ سمری کا جائزہ لے کر منظوری دینے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) کو آپریشنل فنڈزمیں درپیش قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی بی کے خفیہ سروس فنڈکو آڈٹ سے چھوٹ کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

کابینہ ڈویژن نے آئی بی کو مالی سال 2017-18 کے دوران سیکرٹ فنڈ سے ہونیوالے اخراجات کو آڈٹ سے چھوٹ کا سرٹیفکیٹ دینے کی سمری منظوری کیلیے وفاقی کابینہ کو بھجوادی ہے جو آج ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق  وفاقی کابینہ کے اجلاس کیلیے 16 نکاتی ایجنڈا 18 اپریل کو جاری ہوچکا ہے اور یہ سمری اب شامل کی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ سمری کا جائزہ لے کر منظوری دینے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق آئی بی کو مالی سال2017-18 کے خفیہ سروس فنڈ کے اخراجات کو آڈٹ سے چھوٹ کا سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے کے باعث آڈیٹر جنرل آف پاکستان ریونیو(اے جی پی آر) نے نومبر 2018 سے کوئی بل پاس نہیں کیا جس کی وجہ سے انٹیلی جننس بیورو کو آپریشنل فنڈ کی قلت کا سامنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔