وزیراعظم کی اہلیت پر سوال اٹھانے والوں کی پارٹیاں کرپشن کیسز بھگت رہی ہیں، ترجمان وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 23 اپريل 2019
بلاول کے ارد گرد نیب زدہ سیاسی ٹولہ ہے، ندیم افضل چن۔ فوٹو : فائل

بلاول کے ارد گرد نیب زدہ سیاسی ٹولہ ہے، ندیم افضل چن۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی اہلیت پر سوالات اٹھانے والوں کو یہ ذہن میں رکھنا چاہیے ان کی آدھی سے زیادہ پارٹی کرپشن کیسز بھگت رہی ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے تنقید کرنے پر ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اہلیت پر سوالات اٹھانے والوں کو یہ ذہن میں رکھنا چاہیے ان کی آدھی سے زیادہ پارٹی کرپشن کیسز بھگت رہی ہے، پوری اپوزیشن مل کر بھی وزیراعظم عمران خان پر ایک پیسہ کی کرپشن ثابت نہیں کر سکی۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل وزیراعظم کا اختیار ہے، عمران خان واضح الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ جو وزیر پرفارم نہیں کرے گا وہ اس کو تبدیل کر دیں گے، عمران خان عوام کے ووٹ کی طاقت سے وزیراعظم بنے، وزیراعظم عمران خان اس ملک کی کرپٹ اشرافیہ کے خلاف غریب آدمی کو مقدمہ لڑ رہے ہیں لہذا اس کیس میں جیت حق اور سچ کی ہوگی۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کی تقریر لکھنے والوں کو حقائق کو مدنظر رکھتے ہو ئے تقریر لکھنی چاہیے، بلاول کے ارد گرد نیب زدہ سیاسی ٹولہ اکٹھا ہوا ہے جو چیئرمین پی پی پی کو اپنے مفادات کی خاطر استعمال کر رہے ہیں،بلاول کو کسی پر تنقید سے پہلے ان عناصر کی کرپشن کا بھی نوٹس لینا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔