بالی ووڈ اداکار سنی دیول بی جے پی میں شامل

ویب ڈیسک  منگل 23 اپريل 2019
مودی جی کی شخصیت سے متاثر ہوکر بی جے پی میں شامل ہوا۔ سنی دیول فوٹو : فائل

مودی جی کی شخصیت سے متاثر ہوکر بی جے پی میں شامل ہوا۔ سنی دیول فوٹو : فائل

نئی دلی: بھارتی اداکار سنی دیول نے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایکشن ہیرو اور اینگری ینگ مین کا کردار ادا کرنے والے سنی دیول نے وفاقی وزیر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم نریندرا مودی کو بھارت کا نجات دہندہ قرار دیتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔

سنی دیول کا کہنا تھا کہ مودی جی شخصیت سے متاثر ہوکر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی جیسے میرے والد دھرمیندر واجپائی جی سے متاثر ہو کر بی جے پی کا حصہ بنے تھے، یہ پارٹی میرے لیے فیملی کی طرح ہے۔

وفاقی وزیر نرملہ ستھارمن نے سنی دیول کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بارڈر فلم میں محافظ کاکردار ادا کرنے والے اداکار نے بی جے پی ہی میں آنا تھا، مجھے ان کی حب الوطنی پر فخر ہے۔

سنی دیول نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں اس وقت شمولیت اختیار کی ہے جب بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات جاری ہیں تاہم ابھی پارٹی کی جانب سے سنی دیول کے الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔