وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  منگل 23 اپريل 2019
کابینہ ارکان نے وزیراعظم کوکامیاب دورہ ایران پرمبارک باد دی،فردوس عاشق اعوان، فوٹو: فائل

کابینہ ارکان نے وزیراعظم کوکامیاب دورہ ایران پرمبارک باد دی،فردوس عاشق اعوان، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیتے ہوئے سیکڑوں ادویات کی اپنی مرضی سے قیمتیں بڑھانے والی کمپنیوں سے اضافی منافع واپس لے کر بیت المال میں جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس  میں ہونے والے فیصلوں سے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیر صحت ڈاکٹر ظفر نے ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر اپنی سفارشات سے آگاہ کیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیرصحت نے دواساز کمپنیوں کی جانب سے سیکڑوں ادویات میں من پسند اضافے کی نشاندہی کردی ہے ، قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر کمپنیوں نے ڈرگ پالیسی کا نہ صرف  غلط استعمال کیا بلکہ اضافے کے لیے ملنے والے ریلیف کا ناجائزہ فائدہ بھی اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب کا ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی تحقیقات کا حکم

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے بتایا کہ حکومت نے ادویات کی اضافی قیمتوں کی مد میں حاصل شدہ منافع کمپنیوں سے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے جو وصول کرکے بیت المال میں جمع کرائی جائے گی۔

وزیراعظم کے دورہ ایران کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ  کابینہ ارکان نے وزیراعظم کو ایران کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی، معاون خصوصی نے کہا کہ ایران صرف ہمسایہ ملک نہیں برادراسلامی ملک ہے، ایران کے ساتھ کچھ غلطیاں فہمیاں پیدا ہورہی تھیں ان کا تدارک ضروری تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔