بھارت نے ایٹم بم دیوالی کیلیے نہیں رکھے تو پاکستان بھی عید کے انتظار میں نہیں، محبوبہ مفتی

ویب ڈیسک  منگل 23 اپريل 2019
وزیراعظم مودی کو اتنی پستی میں جانے سے خود کو روکنا چاہیے محبوبہ مفتی (فوٹو : فائل)

وزیراعظم مودی کو اتنی پستی میں جانے سے خود کو روکنا چاہیے محبوبہ مفتی (فوٹو : فائل)

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیراعظم کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے ایٹم بم دیوالی کے لیے نہیں رکھے تو پاکستان نے بھی ایٹم بم عید کے انتظار میں نہیں رکھے۔

سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنی ایک ٹویٹ میں بھارتی وزیراعظم کو آڑے ہاتھوں لیا اور جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے ہوئے۔

اپنے دور عظمیٰ  میں ناقص کارکردگی دکھانے والے مودی انتخابی مہم ہندو ازم اور عوام کو جنگی جنون پر اکسا کر چلا رہے ہیں، چند روز قبل ایک جلسہ عام میں بھارتی وزیراعظم نے کہا تھا کہ بھارت نے ایٹم بم دیوالی میں پھوڑنے کے لیے نہیں بنائے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ نے مزید لکھا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ کیوں وزیراعظم مودی سیاسی تناؤ کو کم کرنے کے بجائے اتنی پستی میں گر جاتے ہیں، بھارتی وزیراعظم کو اپنے رویے پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔