الجزائر میں بھی کرپشن کے خلاف کارروائی

ایڈیٹوریل  بدھ 24 اپريل 2019
دنیا کے تمام پسماندہ اور غریب ممالک کا مسئلہ وہاں کی حکمران اشرافیہ کی کرپشن ہے۔ فوٹو: فائل

دنیا کے تمام پسماندہ اور غریب ممالک کا مسئلہ وہاں کی حکمران اشرافیہ کی کرپشن ہے۔ فوٹو: فائل

حالیہ دنوںمیں بعض ملکوں کے نہایت دولت مند افراد کو کرپشن کے الزامات کے تحت پابند سلاسل کیا جا رہا ہے یا گرفتاری سے پہلے ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ اس روش کا بلند بانگ اظہار سعودی عرب کے نئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان نے اقتدار سنبھالتے ہی شاہی خاندان کی کئی اہم شخصیات کوگرفتار کر کے کیا، ان کا مطالبہ تھا اگر رہائی چاہتے ہو تو ساری ناجائز دولت حکومت کے حوالے کر دو۔ گرفتار کیے جانے والے تمام شاہی خاندان کے با اثر افراد تھے۔ اسی قسم کی صورتحال ہمیں اپنے وطن عزیز میں بھی نظر آتی ہے۔

دوسری طرف الجزائر کی خبر ہے کہ وہاں پانچ ارب پتی شہریوں کو کرپشن کے الزامات کے تحت حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان میں الجزائر کے سابق صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ بھی شامل ہیں جن کی صدارت کے عہدے سے برطرفی عوامی احتجاج  کے نتیجے میں عمل میں آئی تھی۔

سابق صدر کے علاوہ دیگر پانچ افراد میں اسد رباب بھی شامل ہیں جنھیں تیل کی دولت سے مالا مال شمالی افریقی ملک کا سب سے مالدار بزنس مین تصور کیا جاتا ہے علاوہ ازیں خوراک کی درآمد اور چینی کے کاروبار میں بھی ان کا اونچا مقام ہے۔

یہ اقدامات اس وقت کیے گئے جب الجزائر کے آرمی چیف نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ انھیں توقع ہے کہ حکمران فیملی کے اعلیٰ ترین افراد کے خلاف کرپشن کے الزام میں کارروائی کی جائے گی۔ الجزائر میں حکمران ٹولے کے خلاف دو ماہ سے عوامی احتجاج جاری تھا جس میں ان پر کرپشن کے الزامات عائد کیے جا رہے تھے۔

واضح رہے حکمران بوتفلیقہ تقریباً 20سال تک بلاشرکت غیرے ملک کا حکمران رہا ہے۔ اب عوامی احتجاج کے نتیجے میں اسے اقتدار چھوڑنا پڑا ہے۔ سوڈان میں بھی سابق حکمران کو کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے۔ یوں دیکھا جائے تو اقتدار اور کرپشن کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔الجزائر شمالی افریقہ کا اہم مسلم ملک ہے اور یہ ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن اس کا شمار تیسری دنیا کے ممالک میں ہوتا ہے لیکن یہاں کی اشرافیہ کا طرز زندگی شاہانہ ہے اور بعض کاروبار خاندانوں کے کاروبار یورپ اور لاطینی امریکا تک پھیلے ہوئے ہیں۔

اس ملک کے عوام کی غربت اور پسماندگی کی وجہ حکمران اشرافیہ کی کرپشن ہے۔دنیا کے تمام پسماندہ اور غریب ممالک کا مسئلہ وہاں کی حکمران اشرافیہ کی کرپشن ہے۔نائجیریا افریقہ کا تیل پیدا کرنے والا اہم ملک ہے لیکن یہاں کے عوام غربت کا شکار ہیں جب کہ نائجیریا کے سرمایہ دار امریکا اور یورپ میں بڑی بڑی جائیدادوں کے مالک ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔