دہشتگردی کے شعلے کرکٹ کو ’جھلسانے‘ لگے

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 24 اپريل 2019
آسٹریلوی ٹیم نے آسان ہدف 11.3 اوورز میں 2و کٹ پر حاصل کرلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

آسٹریلوی ٹیم نے آسان ہدف 11.3 اوورز میں 2و کٹ پر حاصل کرلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کولمبو / ویلنگٹن:  سری لنکا میں بھی دہشتگردی کے شعلے کرکٹ کو ’جھلسانے‘ لگے، آسٹریلوی ویمنز ڈیولپمنٹ ٹیم دھماکوں کے بعد وطن واپس لوٹ گئی جب کہ نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ کے بعد شیڈول ٹور کے حوالے سے سوچ بچار شروع کردی۔

سری لنکا میں اتوار کو دہشتگرد حملے اور سیکڑوں افراد کی ہلاکت سے کرکٹ سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، آسٹریلوی اسٹیٹ وکٹوریہ کی ویمنز ڈیولپمنٹ ٹیم ٹور ادھورا چھوڑ کر وطن واپس پہنچ چکی ہے۔ جس وقت دھماکے ہوئے تب یہ 14 رکنی اسکواڈ پریماداسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود تھا تاہم واقعے کے بعد انھوں نے فوری طور پر ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب اس خوفناک واقعے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سری لنکا کے شیڈول ٹور پر غور شروع کردیا ہے، یہ دورہ ورلڈ کپ کے بعد اگست میں شیڈول ہے۔

فی الحال کیوی گورننگ باڈی اس بارے میں کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں کررہی، کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے قبل میزبان ملک کی سیکیورٹی صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جائے گا جبکہ ٹور کو کچھ عرصے کیلیے ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے۔

کیوی ٹیم کو اس دورے میں سری لنکا سے 2 ٹیسٹ اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ کی مسجد میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد وہاں پر موجود بنگلہ دیشی ٹیم بھی ٹور ادھورا چھوڑ کر وطن واپس لوٹ آئی تھی، جس کے جواب میں کیوی بورڈ نے اپنی انڈر 19 ٹیم کا دورئہ بنگلہ دیش ملتوی کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔