ربڑ سول کی آڑ میں چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

احتشام مفتی  بدھ 24 اپريل 2019
کنٹینرسے 83لاکھ 65ہزارروپے مالیت کی25590 کلوگرام چھالیہ برآمد ہوئی۔ فوٹو: فائل

کنٹینرسے 83لاکھ 65ہزارروپے مالیت کی25590 کلوگرام چھالیہ برآمد ہوئی۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کلکٹریٹ کے شعبہ آراینڈڈی نے ٹرانس شپمنٹ (ٹی پی) کنسائنمنٹ میں ربڑسول کی آڑمیں 84لاکھ روپے مالیت کی چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ متعلقہ درآمدکنندہ نے مس ڈیکلریشن کے ذریعے قومی خزانے کو ریونیو کی مد میں 38 لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی تاہم کسٹمز حکام نے موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چھالیہ اسمگل کرنے کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

کسٹمزاپریزمنٹ ویسٹ کلکٹریٹ کے شعبہ آراینڈڈی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ سیالکوٹ ڈرائی پورٹ سے کلیئرکرائے جانے والے ٹرانس شپمنٹ (ٹی پی) کنسائنمنٹ کی داخل کردہ گڈز ڈیکلریشن میں ربڑسول ظاہر کیا گیا ہے لیکن حقیقت میں اس کنسائنمنٹ میں چھالیہ کی ایک بڑی مقدار موجود ہے۔

اس اطلاع پرشعبہ آراینڈڈی میں تعینات افسران نے سیالکوٹ ڈرائی پورٹ کے لیے کلیئرکرائے جانے والے کنسائنمنٹس کی نگرانی شروع کردی جو میسرزآئی آرآئی ایس انٹرپرائززکی جانب سے تھائی لینڈسے درآمدکیاگیا تھا۔

کسٹمز حکام نے ٹرانس شپمنٹ کے اس کنسائنمنٹ کی ایگزامنیشن کی تواس بات کا انکشاف ہواکہ میسرزآئی آرآئی ایس انٹرپرائززنے ٹی پی کے دستاویزات میں 25590کلوگرام ربڑسول ظاہر کیاتھا جبکہ کنٹینرسے 83لاکھ 65ہزارروپے مالیت کی25590 کلوگرام چھالیہ برآمد ہوئی۔ مس ڈیکلریشن کے ذریعے متعلقہ درآمدکنندہ نے ڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں قومی خزانے کو38لاکھ سے زائد مالیت کا ریونیو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ محکمہ کسٹمز نے چھالیہ ضبط کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔