ورلڈ کپ کے لیے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا، چیئرمین پی سی بی

ویب ڈیسک  بدھ 24 اپريل 2019
 پاکستانی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پُرعزم ہے،  احسان مانی۔ فوٹو: فائل

پاکستانی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پُرعزم ہے، احسان مانی۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے، ٹیم جیت کے لئے پرعزم ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی نے ملاقات کی، ملاقات میں بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنامنٹ اور کرکٹ ورلڈ کپ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا تھا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے، پاکستانی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پُرعزم ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کرکٹ سمیت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنامنٹ سے کرکٹ ڈپلومیسی کو فروغ حاصل ہوگا اور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملے گی۔ اسپیکر نے بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی اراکینِ پارلیمنٹ کی ٹیم کے لیے تربیتی کیمپ کے انعقاد میں پی سی بی کے تعاون کو سراہا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔