عمران خان اپنا قد بڑھانے کیلئے نواز شریف کا نام کیوں لیتےہیں؟ مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  بدھ 24 اپريل 2019
50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکری دینے کے وعدے پرآپ کو زبان پھسلنے کا بہانہ نہیں بنانے دیں گے، مریم اورنگزیب

50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکری دینے کے وعدے پرآپ کو زبان پھسلنے کا بہانہ نہیں بنانے دیں گے، مریم اورنگزیب

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان و سابق وزیر اطلاعات  مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اپنا قد بڑھانے کیلئے نواز شریف کا نام بار بار کیوں لیتے ہیں ؟

وانا میں جلسہ عام میں وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر رد عمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب نواز شریف کو کچھ دینا آپ کی اوقات سے بڑی بات ہے، نواز شریف نے جب بھی کچھ مانگا اپنے اللہ سے مانگا ،آپ کا لہجہ بتا رہا ہے کہ آپ اپنی نالائقی اور نا اہلی کے آگے بے بس ہو چکے ہیں، 16 ارب یومیہ قرضہ ، مہنگائی 10 فیصد، ترقی کی شرح 2.5 فیصد، پیڑول ، بجلی اور گیس مہنگی کرکے عوام پر اور کتنا ظلم کریں گے ۔

یہ بھی پڑھیں: میں بلاول بھٹو صاحبہ کی طرح پرچی پر نہیں آیا، وزیر اعظم

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران صاحب اپنی فکر کریں آج کل تو آپ کی عوامی این آر او کی مدت شروع ہو گئی ہے، شہباز شریف کے بڑے منصوبے چھوڑیں ایک میٹرو بنا کر دکھائیں، آپ کے پاس پیسہ ہو بھی تو آپ کے پاس صرف مایوسی ہے کیونکہ آپ نالائق اور نااہل ہیں۔ بلاول بھٹو کے بارے میں آپ کا بیان افسوسناک اور آپ کی ذہنی پستی کی عکاسی کرتا ہے ،آپ کی زبان آپ کی تعلیم، تربیت اور ذہنیت کا خوب بتاتی ہے،آپ کی آج تقریر کے بعد یقین ہو گیا کہ اللہ آپ کو کبھی عزت نہیں دے سکتا ،سیاست اور جمہوریت میں بد ترین مخالف دیکھے لیکن آپ سا کم ظرف مخالف سیاسی تاریخ میں نہیں دیکھا ۔ 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکری دینے کے وعدے پرآپ کو زبان پھسلنے کا بہانہ نہیں بنانے دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔