لاہور سفاری پارک میں سفید شیرنی کا ہاں بھورے بچوں کی پیدائش

 بدھ 24 اپريل 2019
ننھے شیروں کو جلد کھلے پنجرے میں منتقل کردیا جائے گا، ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور سفاری پارک فوٹو: ایکسپریس

ننھے شیروں کو جلد کھلے پنجرے میں منتقل کردیا جائے گا، ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور سفاری پارک فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: سفاری پارک میں وائٹ شیرنی کے ہاں 4 جب کہ افریقن نسل کی ایک اور شیرنی نے بھی بچے کو جنم دیا ہے، جس کے بعد سفار ی زو میں افریقن نسل کے شیروں کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔

لاہور سفاری زو میں پہلی بار ایک سفید شیرنی نے 4 بچوں کو جنم دیا ہے جن میں سے دو بچے براؤن ہیں۔

لاہورسفاری پارک کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری شفقت علی نے ایکسپریس کوبتایا کہ سفاری زومیں پہلی بارسفید شیرنی اوربراؤن شیرکا جوڑا بنایا گیا تھا جس کی وجہ سے پیدا ہونے والے 4 بچوں میں سے 2 سفید اور 2 براؤن ہیں جبکہ افریقن نسل کی ایک اور شیرنی نے ایک بچے کو جنم دیا ہے ۔ پیدا ہونے والے شیر کے پانچوں بچے صحت مند ہیں۔

چوہدری شفقت علی کا کہنا تھا کہ سفید شیروں کی باقاعدہ کوئی نسل نہیں ہے بلکہ جینیاتی تبدیلی کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے، جینز میں رد و بدل کے باعث بچے براؤن اور سفید رنگ کے پیدا ہوجاتے ہیں۔ شیروں کی سفیدرنگت دراصل جینزمیں خرابی کے باعث ہوتی ہے جس طرح انسانوں میں پیداہونے والے بچوں کی رنگت ماں باپ سے مختلف ہوتی ہے۔

چوہدری شفقت نے مزید بتایا کہ یواے ای کی طرف سے تحفے میں ملنے والے شیروں کی بھی خصوصی نگہداشت کی جارہی ہے اور ان کو کورنٹائن میں رکھا گیا ہے۔ لاہورسفاری زومیں اس وقت سب سے زیادہ شیروں کی تعداد 37 ہے ۔ لاہورسفاری پارک میں پیدا ہونے والے شیر کے بچوں کو آئندہ چند روز تک کھلے پنجرے میں منتقل کردیا جائے گا جس کے بعد یہاں آنے والے ان کودیکھ سکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔