کراچی میں ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت بڑھادی

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 24 اپريل 2019
خوردہ سطح پر ایک سو پانچ روپے فی لیٹر قیمت بھی مقرر کردی ہے، فوٹو: فائل

خوردہ سطح پر ایک سو پانچ روپے فی لیٹر قیمت بھی مقرر کردی ہے، فوٹو: فائل

 کراچی: رمضان کی آمد قریب آتے ہی ڈیری فارمرز نے شہریوں پر ڈیری بم گرانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

دودھ کی قیمت میں اضافہ کی سرتوڑ کوششوں میں مصروف ڈیری فارمرز کے ایک دھڑے نے صارف دشمنی اور سرکاری رٹ کو خاطر میں نہ لانے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر دودھ کی قیمت میں اضافہ کا اعلان کردیا ہے۔

ڈیری فارمرز نے دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہری انتظامیہ کی مشکل آسان بناتے ہوئے از خود ڈیری فارمرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کا منافع بھی مقرر کردیا ہے اور خوردہ سطح پر ایک سو پانچ روپے فی لیٹر قیمت بھی مقرر کردی ہے۔

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجرکے مطابق شہری انتظامیہ نے دودھ کی پیداواری قیمت نوے روپے نواسی پیسے فی لیٹر کی لاگت نکالی ہے تاہم اس کو بنیاد بناکر دودھ کی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا جس پر ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے از خود اس لاگت کی بنیاد پر قیمت میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہول سیلرز اور خوردہ فروشوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ ڈیری فارمرز نوے روپے نواسی پیسے فی لیٹر کی پیداواری لاگت میں چار روپے گیارہ پیسے روپے کا منافع شامل کرکے ہول سیلرز کو پچانوے روپے فی لیٹر میں فروخت کریں گے ہول سیلرز اس قیمت میں مزید پانچ روپے پچیس روپے منافع و کرایہ شامل کرکے ریٹیلرز کو سو روپے پچیس پیسے فی لیٹر پر سپلائی کریں گے۔

اس طرح ریٹیلرز بھی چار روپے پچھتر پیسے منافع و لاگت شامل کرکے صارفین کو ایک سو پانچ روپے فی لیٹر قیمت پر دودھ فروخت کریں گے۔ قیمت میں اضافہ کا اعلان کرنے والے ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر نے حاتم طائی کی قبر پر لات مارتے ہوئے از خود مرتب کردہ ایک سو آٹھ روپے فی لیٹر پیداواری قیمت کو لاگو نہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔