ملیر جیل میں مافیا نے قیدیوں کیلیے ’’منشیات بازار‘‘ لگا دیا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 25 اپريل 2019
 معاملے کی تحقیقات کریں گے اور جو بھی ملوث پایا گیااسے نہیں چھوڑیں گے ، سپرنٹنڈنٹ اورنگ زیب کانگو
 فوٹو: فائل

 معاملے کی تحقیقات کریں گے اور جو بھی ملوث پایا گیااسے نہیں چھوڑیں گے ، سپرنٹنڈنٹ اورنگ زیب کانگو فوٹو: فائل

کراچی: ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں قیدیوں تک منشیات باآسانی پہنچنے لگی۔

تفصیلات کے مطابق ایک جیلر اپنے دیگر کارندوں کے ساتھ قیدیوں تک منشیات سپلائی کرنے لگا،اس سلسلے میں ملیر جیل کے سپرنٹنڈنٹ اورنگ زیب کانگو کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کریں گے اور جو بھی ملوث پایا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک جیلر نبی داد زرداری اپنے دیگر کارندوں کے ذریعے جیل میں منشیات سپلائی کررہا ہے جن میں سپاہی اور منظور نظر داؤد پٹھان نامی قیدی سمیت دیگر قیدی بھی شامل ہیں۔ نبی داد زرداری کو کچھ عرصہ قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر مشتاق لغاری نے اپنے جیل کے دورے کے دوران ملیر جیل سے ہٹانے کے احکامات بھی جاری کیے تھے لیکن نبی داد زرداری نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے سینٹرل جیل سے دوبارہ ملیر جیل اپنا تبادلہ کرالیا تھا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ملیر جیل میں جس قیدی کو جس وقت بھی منشیات چاہیے ہوتی ہے تو با آسانی دستیاب ہوجاتی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نبی داد زرداری اعلیٰ افسران کا چہیتا ہے جس کی وجہ سے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی اور اگر جیل میں بھی کوئی اس کا حکم نہیں مانتا تو وہ اس کا تبادلہ کرادیتا ہے، اس سلسلے میں موقف جاننے کے لیے ڈسٹرکٹ جیل ملیر کے سپرنٹنڈنٹ اورنگ زیب کانگو سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ وہ معاملے کی تحقیقات کریں گے اور جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔