اخبارات کواشتہارات کے واجبات جلد ادا کردیے جائیں گے،صمصام

پ ر  جمعرات 25 اپريل 2019

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 لاہور: وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا ہے کہ اخبارات کو اشتہارات کے واجبات جلد ادا کردیئے جائیں گے سرکاری اشتہارات مساویانہ بنیاد پر جاری کئے جائیں گے جب کہ جلد وزیراعلی پنجاب بھی سی پی این ای کے وفد سے ملاقات کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز ( سی پی این ای ) کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی ، سابق صدر ضیاء شاہد ، نائب صدر اور پنجاب کمیٹی کے چیئرمین ایازخان ، اعجازالحق، رحمت علی رازی ، ارشاد احمد عارف ، کاظم خان ، ذوالفقار احمد راحت ، اشرف سہیل ، تنویر شوکت ، ملک لیاقت علی ، سردار عابد علیم ، زبیر محمود ، بشیر احمد خان ، وقاص طارق فاروق ، توفیق الرحمان سیفی ، عثمان غنی اور میاںاکبر علی سمیت پنجاب سے تعلق رکھنے والے اخبارات کے مدیران شریک تھے ۔ وزیراطلاعات سے ملاقات میں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے صمصام بخاری کا شکریہ اداکرتے ہوئے انہیں آزادی صحافت اور آزادی اظہار کی صورتحال اور قومی اخبارات کو درپیش مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اشتہارات کی مساوی تقسیم اور اخبارات کی واجب الادا رقم جلد از جلد ادا کی جائے تاکہ اخبارات کی معاشی صورتحال کو بہتر کیا جا سکے۔

سی پی این ای کے سابق صدر ضیاء شاہد کا کہنا تھا کہ چند مخصوص اخبارات کو مقدس گائے بنا دیا گیا ہے ، حکومت جو بھی اشتہارات جاری کرتی ہے وہ ان ہی اخبارات کوجاری ہوتے ہیں ۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ محکمہ اشتہارات میں آنے والی نئی ٹیم بشمول سیکرٹری اور ڈی جی پی آر اپنے محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنائیں گے ۔ اعجازالحق نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اخبارات کو واجب الادا رقم کی تفصیلات سی پی این ای کودی جائیں تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ اس میں سی پی این ای ممبران کے کتنے فنڈز ہیں ، شفافیت کی دعویدار تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے سرکاری اشتہاروں کی تقسیم میں شفافیت نہیں آ رہی ہے ۔ انہوں نے تجویزدی کہ جس طرح وفاقی حکومت اخبارات کو جاری ہونیوالے اشتہارات کی تفصیل اپنی ویب سائٹ پر آویزاں کرتی ہے پنجاب حکومت کو بھی ایساہی کرنا چاہئے ۔

رحمت علی رازی نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منفی صحافت کے مرتکب اخبارات کو اشتہارات سے بے تحاشا نوازا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت میڈیا کیلئے مختص تمام فنڈز کو برابری کی بنیادپرجاری کرے ۔ وزیراطلاعات صمصام بخاری نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے چھوڑے گئے اخبارات کے واجبات کی ادائیگی جلد شروع کر دی جائے گی تاہم جن واجبات پراختلافات ہیں وہ مشاورت سے طے کئے جائیں گے جس کیلئے سی پی این ای کی ایک کمیٹی بنائی جائے گی ، ہم سرکاری اشتہارات کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کے حق میں ہیں ۔ انہوں نے اشتہارات کی تعداد بڑھانے کے مطالبے پر وزیراعلی پنجاب اورمرکزی حکومت کو قائل کرنے اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔