پاکستان اب افغانستان میں کسی بھی اندرونی تنازع کا حصہ نہیں بنے گا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 25 اپريل 2019
افغانستان میں تشدد کے بڑھتے واقعات سے پاکستان اضطراب میں ہے، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

افغانستان میں تشدد کے بڑھتے واقعات سے پاکستان اضطراب میں ہے، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اب افغانستان میں کسی بھی اندرونی تنازع کا حصہ نہیں بنے گا، افغانستان میں تشدد کے بڑھتے واقعات سے پاکستان اضطراب میں ہے۔

افغانستان میں امن عمل کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے تنازعات نے 40 سالوں سے دونوں ممالک کو بہت نقصان پہنچایا، طویل انتظار کے بعد افغان امن عمل خطے میں امن کے لیے ایک تاریخی موقع ہے، پاکستان افغانستان کے اندرونی مذاکرات کی مکمل حمایت کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اب افغانستان میں کسی بھی اندرونی تنازع کا حصہ نہیں ہوگا، افغان قیادت خود اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی، افغانستان میں تشدد کے بڑھتے واقعات سے پاکستان اضطراب میں ہے، تشدد آمیز کارروائیوں سے افغان امن عمل متاثر ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان زبردستی کے مذاکرات میں مسئلے کا حل تلاش کرنے کے حق میں نہیں، پاکستان تمام جماعتوں کو وقت کی اہمیت کو تسلیم کرنے پرزور دیتا ہے، پاکستان نے امن عمل کی کامیابی کے لیے تمام سفارتی اور سیکیورٹی کوششیں کی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔