ماہر نفسیات کا پلیئرزکی ذہنی پختگی پر کام شروع

سلیم خالق  جمعرات 25 اپريل 2019
تیمور علی خان کوساڑھے چار ہزار ڈالرزملیں گے،لندن میں ٹیم کے ساتھ ہی قیام

تیمور علی خان کوساڑھے چار ہزار ڈالرزملیں گے،لندن میں ٹیم کے ساتھ ہی قیام

ماہر نفسیات نے انگلینڈ میں بھی کھلاڑیوں کی ذہنی پختگی پر کام شروع کر دیا، تیمور علی خان کو سیشنز کے ساڑھے چار ہزار ڈالرز ادا کیے جائیں گے، وہ لندن میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہی قیام پذیر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں ماہر نفسیات تیمور علی خان نے پاکستانی اسکواڈ کو جوائن کر لیا ہے، بدھ کو ٹریننگ سیشن کے دوران بھی وہ کھلاڑیوں کے ساتھ رہے، ذرائع نے بتایا کہ  انگلینڈ میں ہی رہائش پذیر تیمور منگل کی شب ٹیم ہوٹل پہنچے، وہ انگلینڈ سے سیریز کے دوران پلیئرز کے ہمراہ ہی رہیں گے،اگر اس دوران ان کی کام سے مینجمنٹ متاثر ہوئی تو ورلڈکپ کیلیے بھی روک لیا جائے گا، گذشتہ روز کاؤنٹی گراؤنڈ کینٹ میں تیمور کرکٹرز کو ٹریننگ کرتے دیکھتے رہے، اس دوران انھوں نے  ذہنی پختگی کے حوالے سے مشورے بھی دیے، آئندہ چند روز میں وہ کھلاڑیوں کے ساتھ انفرادی سیشنزکریں گے،  واضح رہے کہ اسلام آباد کی نمائندگی کرنے والے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر تیمور علی خان قومی ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود کے قریبی دوست ہیں۔

ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی طرح ان کا تعلق بھی برطانیہ سے ہی ہے، ان کی اہلیہ ایک پاکستانی  اسٹار کرکٹر کی ایجنٹ ہیں، اس جوڑی کی ایک ٹریول ایجنسی بھی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کرکٹ بورڈ انگلینڈ سے سیریز میں بھی تیمور علی خان کو ساڑھے چار ہزار ڈالر ہی معاوضہ دے گا، اس سے قبل یو اے ای میں آسٹریلیا سے میچز کے دوران بھی انھیں اتنی ہی رقم ملی، البتہ مشوروں کا کھلاڑیوں نے خاطرخواہ اثر نہیں لیا اور ٹیم پانچوں ون ڈے میچز ہار گئی تھی، بورڈ حکام کا خیال ہے کہ ورلڈکپ سے قبل ماہر نفسیات کے سیشنز ٹیم کو مدد فراہم کریں گے، پلیئرز کا اپنی صلاحیتیوں پر اعتماد بڑھے گا جبکہ وہ حریف پلیئرز سے مرعوب ہوئے بغیر اپنی بہترین کارکردگی دکھا سکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔