دہشتگردی کا خوف، سری لنکا میں کرکٹ سرگرمیاں معطل

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 26 اپريل 2019
ورلڈکپ کی تیاری کیلیے اسپیشل فورس سمیت دونوں کیمپس منسوخ کردیے گئے
فوٹو: فائل

ورلڈکپ کی تیاری کیلیے اسپیشل فورس سمیت دونوں کیمپس منسوخ کردیے گئے فوٹو: فائل

کولمبو:  دہشتگردی کے خوف سے سری لنکا میں کرکٹ سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں جب کہ ورلڈ کپ کی تیاری کیلیے شیڈول ٹریننگ کیمپس بھی منسوخ کردیے گئے۔

کولمبو  میں ایسٹر کے موقع پر ہونے دھماکوں کی وجہ سے سری لنکن فضا بدستور سوگوار ہے،اب بھی خوف کے سائے لہرا رہے اورکرکٹ معاملات بالکل معطل ہیں، کسی بھی قسم کے خطرے سے بچنے کیلیے ورلڈ کپ ٹریننگ کیمپس بھی اب منسوخ کردیے گئے ہیں۔

15 رکنی اسکواڈ کو رواں ہفتے 2 الگ الگ ٹریننگ کیمپس میں حصہ لینا تھا۔ پہلے مرحلے میں کھلاڑی مدورو اویا میں اسپیشل فورسز کے کیمپ میں خصوصی تربیت کیلیے جمع ہوتے اور تین روز تک سخت تربیتی مراحل سے گزرتے، پھر انھیں دمبولا اسٹیڈیم میں ایک اور کیمپ میں شریک ہونا تھا تاہم ملک کی سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سری لنکا کرکٹ نے کیمپس منسوخ کردیے ہیں۔

اس طرح کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں خود کو کرکٹ کے عالمی میلے کیلیے تیار ہونے کا موقع نہیں مل سکے گا، البتہ ٹیم 7 مئی کو انگلینڈ روانہ ہوگی جہاں ورلڈ کپ سے قبل تین ہفتوں تک میزبان ملک کی کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ کرنے کا وقت ملے گا، پلیئرز وارم اپ میچز میں تیاریوں کا حتمی جائزہ لینگے، میگا ایونٹ میں آئی لینڈرز کے سفر کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔

واضح رہے کہ سری لنکن سیکیورٹی صورتحال کے سبب پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ بھی موخر کر دیا گیا ہے، ابھی یہ واضح نہیں کہ جونیئر گرین شرٹس سیریز میں شرکت کیلیے جائیں گے یا نہیں ، البتہ وہ کراچی میں اپنی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔